English   /   Kannada   /   Nawayathi

مراد آباد میں یوگی کو سوالات سے دور رکھنے کے لئے صحافیوں کو کمرہ میں کیا گیا بند ، پرینکا گاندھی نے کسا طنز

share with us

مرادآباد:یکم جولائی2019(فکروخبر/ذرائع)کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کے ذریعہ اتر پردیش حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’صحافی بند کئے جا رہے ہیں ، سوالوں پر پردہ ڈالا جا رہا ہے، مسائل کو درکنار کیا جا رہا ہے۔ زبردست اکثریت حاصل کرنے والی اتر پردیش حکومت عوام کے سوالوں پر منہ پچکا رہی ہے ۔ نیتاجی یہ پبلک ہے یہ سب جانتی ہے ۔ سوال پو چھے گی اور جواب بھی لے گی ‘‘۔

پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کی یوگی حکومت پر یہ طنز اس لئے کیا کیونکہ نیوز چینل ’آج تک‘ کی ویب سائٹ پر ایک خبر شائع ہوئی جس میں مرادآباد کے ڈی ایم پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اس خوف سے کہ کہیں صحافی وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے سوال نہ پوچھ لیں، درجنوں صحافیوں کو ہسپتال کے کمرے میں بند کروا دیا ۔

واضح رہے گزشتہ کل یعنی اتوار کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ مرادآباد کے دورے پر تھے اور اپنے دورے کے دوران انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو جو خدمات مل رہی ہیں ان کا جائزہ لیا لیکن اس دوران خامیوں کو چھپانے کے لئے ضلع انتظامیہ نے کوشش یہ کی کہ سوال پوچھنے والے صحافیوں کو ایک کمرے میں بند کروا دیا ۔

دراصل مرادآباد کے ڈی ایم پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے دورہ سے ٹھیک پہلے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں درجنوں صحافیوں کو بند کروا دیا ۔ صرف بند ہی نہیں کروایا بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے صحافی وہاں سے باہر نہ جا سکیں سیول لئن کے تھانہ انچارج شکتی سنگھ کو نگرانی کے لئے بھی لگا دیا۔

واضح رہے جب وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ دورہ کر کے واپس لوٹ گئے تب اس ایمرجنسی وارڈ کا دروازہ کھولا گیا اور اس کے بعد ہی صحافی حضرات وہاں سے باہر نکل سکے ۔ صحافیوں نے ہنگامہ کیا اور دروازہ پیٹتے رہے لیکن ان کو کمرے سے باہر جبھی نکلنے دیا گیا جب وزیر اعلی دورہ کر کے وہاں سے چلے گئے۔ وزیر اعلی کے ہمراہ مرادآباد کے انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ بھی تھے ۔

ڈی ایم پر جو الزام لگ رہے ہیں وہ بی جے پی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے لئے کافی نقصاندہ ہیں۔ جو بات کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کہی ہے وہ سو فیصد صحیح ہے کیونکہ عوام میں حکومت کی کارکردگی کو لے کر بہت بے چینی ہے ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا