English   /   Kannada   /   Nawayathi

سوڈانی عبوری عسکری کونسل کے چیئرمین جنرل عوض بن عوف سبکدوش

share with us


جنرل عبدالفتاح الرھان عسکری کونسل کا نیا سربراہ مقرر،عبوری کونسل ملک کی تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے فضا سازگار کرے گی،عسکری کونسل


قاہرہ:13اپریل2019(فکروخبر/ذرائع)سوڈان میں صدر عمر البشیر کی معزولی کے بعد قائم ہونے والی عبوری عسکری کونسل کے چیئرمین میجر جنرل عوض بن عوف نے عہدے سے استعفی دیتے ہوئے جنرل عبدالفتاح الرھان کو عسکری کونسل کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق سوڈان کی عبوری عسکری کونسل کے عہدیداروں میں مزید تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ جنرل عمر زین العابدین کو کونسل کی سیاسی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں عسکری کونسل کی طرف سے کہا گیا تھا کہ عبوری کونسل ملک کی تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے فضا سازگار کرے گی۔جنرل عمر زین العابدین نے کہا کہ ملک میں جاری بحران جامع حل کا تقاضا کرتا ہے۔ عسکری کونسل مظاہرین کے مطالبات پورے کرے گی۔ ہمیں اقتدار کا لالچ نہیں۔ سبکدوش صدر عمر البشیر کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے۔ مظاہرین کے قتل عام میں ملوث عناصر کے خلاف عدالتیں فیصلہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ عسکری کونسل عمر البشیر کو عالمی فوج داری عدالت کے حوالے نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی دوسرے سوڈانی لیڈر کو کسی دوسرے ملک یا عدالت کے حوالے کیا جائے گا۔زین العابدین کے بقول "عبوری فوجی کونسل کے پاس سوڈان کو درپیش بحرانی کیفیت کا حل نہیں ہے بلکہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کی راہ مظاہرین ہی سجھائیں گے۔"سوڈان کی عبوری فوجی کونسل کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ "بحران کے خاتمے کے لئے فوجی کونسل مسلح جھتوں سے مذاکرات کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہم لوگوں پر اپنی طرف سے کچھ مسلط نہیں کریں گے۔ کونسل کی کوشش ہے کہ مذاکرات کے لئے ساز گار فضا تیار کی جائے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا