English   /   Kannada   /   Nawayathi

مالیگاؤں ۲۰۰۸ بم دھماکہ معاملہ پہلے ہی دن بھگواء ملزمین کے وکلاء کی غیر حاضری پر عدالت نے ۲۵؍ سو جرمانہ عائد کیا

share with us

میڈیکل رپورٹ مرتب کرنے والے ڈاکٹروں کی گواہی جاری


ممبئی:03ڈسمبر2018(فکروخبر/پریس ریلیز)مالیگاؤں ۲۰۰۸ ء بم دھماکہ معاملے میں آج سے سرکاری گواہوں کی گواہی شروع ہوئی اور پہلے مرحلہ میں آج بم دھماکوں میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی میڈیکل رپورٹ مرتب کرنے والے ڈاکٹروں کی گواہی عمل میںآئی جسکے دوران عدالت میں ڈاکٹروں نے بم دھماکوں کی وجہ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہریان کی تفصیلات پیش کی جسے عدالت نے اپنے ریکارڈ پر درج کیا۔
ممبئی میں واقع خصوصی این آئی اے عدالت کے جج ونود پڈالکر نے آج ڈاکٹر اجیت رگھو ناتھ پاٹل (دھولیہ ) اور ڈاکٹر کاپسے (مالیگاؤں ) کے بیانات کا اندراج کیا جنہوں نے بالترتیب پانچ مہلوکین اور ایک زخمی کی میڈیکل رپورٹ مرتب کی تھی۔
ڈاکٹر اجیت پاٹل نے عدالت کو مہلوکین شیخ مشتاق شیخ یوسف، فرحین شیخ لیاقت، شیخ رفیق شیخ مصطفی اور سید اظہر سید نثار کی میڈیکل رپورٹ تیار کرنے کے متعلق سرکاری وکیل اویناس رسال کے ذریعہ پوچھے گئے سوالوں کو جواب دیتے ہوئے بتایا جبکہ ڈاکٹر کاپسے نے زخمی عطاء الرحمن کی میڈکل رپورٹ کے متعلق عدالت کو تفصیلات بتائیں، متذکرہ دونوں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بم دھماکوں کی وجہ سے ہی موت ہوئی اور زخم آئے تھے۔
آج سرکاری گواہ ڈاکٹر اجیت پاٹل سے جرح کے لیئے بھگواء ملزم سوامی سدھاکر دھر دویدی کے وکیل کی عدم دستیابی پر عدالت نے ۲۵؍ سو کا جرمانہ عائد کیا اور ملزمین کے وکلاء سے کہا کہ ڈاکٹروں کو بیرون شہر سے گواہی کے لیئے طلب کیا جارہا ہے لہذا ن سے جرح کے لیئے وقت نہیں دیا جائے گا بلکہ انہیں سرکاری وکیل کے سوالات کے اختتام کے بعد فوراً جرح شروع کرنا ہوگی۔
آج خصوصی عدالت میں مالیگاؤں کے مشہور ڈاکٹر سعید فیضی کو بھی گواہی کے لیئے طلب کیا گیا تھالیکن وقت کی تنگی کی وجہ سے عدالت نے ڈاکٹر فیضی سے معذرت کرتے ہوئے انہیں گواہی کے لیئے اگلے ہفتہ ان کی سہولت کے مطابق آنے کو کہا ۔
دوران کارروائی عدالت میں متاثرین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے وکلاء ایڈوکیٹ شریف شیخ، ایڈوکیٹ انصار تنبولی،ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ ابھیشک پانڈے، ایڈوکیٹ افضل نواز، ایڈوکیٹ شرورتی ودیہ، ہیتالی سیٹھ و دیگر موجود تھے۔
آج سرکاری گواہ ڈاکٹر اجیت پاٹل کی گواہی نامکمل رہی جس کے بعد عدالت نے اپنی کارروائی کل تک کے لیئے ملتوی کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں خصوصی عدالت نے ملزمین سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر،کرنل شریکانت پروہیت، میجر رمیش اپادھیائے،سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر ، سدھاکر دیویدی، سدھاکر چترویدی کے خلاف یو اے پی اے قانون کے تحت چارج فریم کرکے مقدمہ کی باقاعدہ سماعت شروع کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے تھے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا