English   /   Kannada   /   Nawayathi

ترکی :فوجی اڈے پر ناقص گولہ بارود ذخیرے میں دھماکہ ،25فوجی زخمی ،7لاپتہ 

share with us

استنبول :10؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)ترکی میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی صوبے ہکارے میں فوج کے ایک اڈے پر ناقص گولہ بارود کے ذخیرے میں ہونے والے حادثاتی دھماکے میں کم از کم 25 ترک فوجی زخمی اور 7 لاپتا ہو گئے۔ترکی کی وزارت دفاع کے مطابق یہ دھماکا فوجی اڈے میں آرٹلری شوٹنگ کے دوران ہوا۔ مذکورہ فوجی اڈا عراق اور ایران کے ساتھ ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ 25 فوجیوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ان کے زخمیوں کی نوعیت کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی گئی۔ بیان کے مطابق سات فوجی ابھی تک لاپتا ہیں اور حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔واقعے کی سنگینی اس بات سے ظاہر ہو رہی ہے کہ وزیر دفاع خلوصی آقار اور مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف یسار گولر بھی ہکارے روانہ ہو گئے۔یہ دھماکا جس فوجی اڈے میں ہوا وہ ایک دور دراز پہاڑی علاقے میں واقع ہے جہاں پہنچنا ایک دشوار امر ہے۔ علاقے میں باقاعدگی کے ساتھ ترکی کی مسلح افواج اور کردستان ورکرز پارٹی کے عناصر کے درمیان چھوٹی موٹی جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ترکی کے جنوب مشرقی حصے میں کرد اکثریتی علاقے میں ترک فوج اور کردستان ورکرز پارٹی کے درمیان شدید معرکہ آرائی دیکھی جاتی رہی ہے۔ ترکی کی جانب سے بارہا شمالی عراق میں مذکورہ کرد پارٹی کے مراکز کو بم باری کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا