English   /   Kannada   /   Nawayathi

انڈرولڈ ڈان داود کے بھائی اقبال کاسکر کو پولس نے فراہم کی وی ائی پی سہولیات۔پانچ اہلکار معطل

share with us

تھانے:28؍اکتوبر2018(فکروخبر/ذرائع) داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کسکر کے ساتھ جیل میں وی آئی پی برتاؤ کرنے اور علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کرنے کے دوران پولیس کی جانب سے بریانی ، سگریٹ فراہم کرنے کی پاداش میں 5 پولیس ملازمین کو معطل کیا گیا ۔ جوائنٹ کمشنر تھانے پولیس مدھکر پانڈے نے معطلی کے احکام جاری کئے ہیں لیکن پولیس نے معطل شدہ پولیس ملازمین کے نام ظاہر نہیں کئے ۔ اقبال کو گزشتہ سال زبردستی رقومات کی وصولی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس نے جمعرات کو دانت میں درد اور سینے میں تکلیف کی شکایت کی جس پر اسے علاج کیلئے سیول ہاسپٹل میں شریک کیاگیا ۔ مقامی خانگی نیوز چیانل کی جانب سے کی گئی خفیہ کارروائی میں اقبال کے ساتھ خاص برتاؤ کرنے کے واقعہ کو کیمرہ میں قید کرلیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک سب انسپکٹر سمیت پانچ پولیس ملازمین اس کی نگرانی کررہے تھے ۔ سرکاری دواخانہ میں 10 گھنٹوں کیلئے شریک تھا ۔ عدالت نے اس کے علاج کیلئے اور خون میں شوگر کی سطح کی جانچ کروانے کی ہدایت دی تھی ۔ لیکن اسے سرکاری ہاسپٹل میں گھومتے پھرتے اور رشتہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ۔ وہ پولیس کے سامنے بریانی کھاتے اور سگریٹ پیتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ اس کے بعد اس نے اس کے ساتھ خاص رعایت کرنے والوں میں روپئے بھی تقسیم کئے ، یہ منظر بھی ویڈیو میں دکھایا گیا ۔ وہ اپنے ساتھ آنے والے پولیس ملازمین سے دوستانہ ماحول میں گھل مل گیا تھا، وہ خوش دکھائی دے رہا تھا ۔ بریانی کھانے اور سگریٹ پینے کے بعد وہ جیل واپس ہوا ۔ جیل میں محروس کئی مجرمین سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولت سے استفادہ کرتے ہیں۔ کسکر کو تھانے سنٹرل جیل میں رکھا گیا ہے ۔ مکوکا کے تحت اس پر مقدمہ چل رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس تھانے کرائم برانچ دیپک دیوراج نے کہا کہ کسکر کے ساتھ خاص برتاؤ کا منظر چیانل پر عام ہوتے ہی کارروائی کی گئی ہے۔ اس سے پہلے بھی کسکر کو کئی مرتبہ دواخانہ لایا گیا تھا لیکن اِس مرتبہ اسے پولیس کی موجودگی میں سگریٹ پیتے ہوئے اور اسے بریانی لاکر دینے والے پولیس ملازمین کو پیسے دیتے ہوئے بتایا گیا ہے ۔ تھانے سیول ہاسپٹل کے سیول سرجن کیلاش پوار نے توثیق کی کہ کسکر کو دواخانہ لایا گیا تھا ۔ اس نے دانت میں شدید تکلیف کی شکایت کی اور دانت نکال کر نیا دانت بٹھانے کی خواہش کی لیکن کسکر شوگر کا مریض ہے اس لئے ہم نے اس کے خون کے نمونے حاصل کرلئے ہیں ۔
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا