English   /   Kannada   /   Nawayathi

قانون بنا کررام مندرکی تعمیرکریں ورنہ تلاش کرلیں گے دوسرا وزیراعظم: پروین توگڑیا کی پی ایم مودی کودھمکی

share with us

لکھنؤ:22؍اکتوبر2018(فکروخبر/ذرائع) ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہویے انتر راشٹریہ ہندو پریشد کے پروین توگڑیا نے اتوار کو مرکز کی نریندر مودی حکومت کو انتباہ دیا ہے کہ اسے اس معاملے کا حل قانون بنا کر کرنا ہوگا ورنہ نتائج ان کے برخلاف ہونگے۔

ایودھیا کوچ کرنے کی تیاری میں لگے توگڑیا نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہویے کہا۔ ’’مودی نے وزیر اعظم بننے کے بعد ایک بار بھی رام کا نام نہیں لیا۔ ہم انتباہ دینا چاہتے ہیں کہ اگر رام مندر کی تعمیر کے لیے قانون نہیں بنایا گیا تو ہم وزیر اعظم بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔ جو رام کا احترام نہ کر سکے وہ کسی کام کا نہیں ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ رام مندر کے لئے جدوجہد کافی پرانی ہے مودی سے پہلے مندر کی تعمیر کا چیلنج سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی، نرسمہا راؤ اور اٹل ویہاری واجپئی کے سامنے بھی تھا۔ یہ کروڑوں ہندوں کے عقیدے سےجڑا ہوا موضوع ہے۔

پروین توگڑیا نے کہاکہ صرف مندر کامعاملہ ہی نہیں ہے، ہم مندر تو سریو کے دوسری جانب بھی بنا سکتے ہیں لیکن کیا شری رام کی جنم بھومی وہاں سے 100 میٹر کھسک سکتی ہے۔

توگڑیا نے مزید کہا، ’’ہندوؤں کے کھوئے ہوئے احترام پانے کے لیے ہم اکٹھے ہوئے ہیں۔ یہ خواب اشوک سنگھل سمیت سینکڑوں ہندؤوں کا ہے۔ یہ خواب وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور مہنت اویدھ ناتھ کا بھی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ہزاروں سال سے ہندو سماج رام مندر کی لڑائی لڑ رہا ہے۔ 1984 میں ہم نے مندر تحریک شروع کی تب بھی معاملہ عدالت میں تھا۔ تب تو کسی بی جے پی والے نے نہیں کہا تھا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ اس دوران لال کرشن اڈوانی نے رتھ یاترا نکالی تھی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا