English   /   Kannada   /   Nawayathi

مودی جی نے ملک کی عوام کا بھروسہ توڑا ہے ،عوام سے کیاکوئی وعدہ پورا نہیں کیا :راہل گاندھی

share with us

نئی دہلی:10؍ستمبر2018(فکروخبر/ذرائع)رام لیلا میدان میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’یہاں موجود پورا حزب اختلاف بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے متحد ہے‘‘۔

تیل کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف حزب اختلاف کا بھارت بند پورے ملک میں جاری ہے اور حزب اختلاف کے رہنما ؤں نے نئی دہلی میں راج گھاٹ سے رام لیلا میدان تک مارچ نکالا ۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

رام لیلا میدان میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’یہاں موجود پورا حزب اختلاف بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے متحد ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ملک جن مسائل سے دو چار ہے اس کےبارے میں وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے سننا چاہتا ہے، لیکن وزیر اعظم خاموش ہیں ۔

راہل نے کہا سال 2014 میں ملک کے عوام نے ان پر جو بھروسہ کیا تھا انہوں نے اس بھروسہ کو توڑا ہے کیونکہ انہوں نے جو بھی عوام سے وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جو گزشتہ 70 سالوں میں نہیں ہوا تھا وہ مودی جی نے چار سال میں کر کے دکھا دیا۔ آج وہ سب کو ایک دوسرے سے لڑوا رہے ہیں۔ پٹرول کی قیمتیں اتنی کبھی نہیں ہوئیں، روپے کی قیمت اتنی کبھی نہیں گری ، کسانوں کی حالت کبھی ایسی نہیں ہوئی اور نوجوان کو بے روزگاری کی مار اتنی کبھی نہیں جھیلنی پڑی ۔ انہوں نے کہا ملک مودی جی کو سننا چاہتا ہے لیکن ان کا پتہ ہی نہیں، نہ جانے وہ کون سی دنیا میں رہتے ہیں ۔

راہل گاندھی نے کہا کہ عوام کو کوئی راستہ نہیں دکھائی دے رہا اوراگر مودی حکومت میں کسی کو راستہ دکھائی دے رہا ہے تو وہ صرف پندرہ بیس سرمایہ داروں کو ہی دکھائی دے رہا ہے ۔ انہوں نے رافیل جنگی جہاز کو ایک بڑا گھوٹالہ بتاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے سرمایہ دار دوست کو 45 ہزار کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی سے وزیر اعظم نے ملک کی چھوٹی صنعتوں کو تباہ کر دیا ۔ نوٹ بندی کے وقت کہا گیا تھا کہ اس سے کالے دھن کو روکا جائے گا ، لیکن اس سے صرف کچھ دوستوں کا کالا دھن ہی سفید ہوا ہے اور ملک کی معیشت تباہ ہو گئی ہے، انہوں نے جی ایس ٹی پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔

انہوں نے کہا ’’لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ آج پورا حزب اختلاف یہاں موجود ہے اور جو دکھ عوام کو ہے وہی دکھ یہاں موجود تمام قائدین کے دلوں میں بھی ہے ۔ یہاں سب اس لئے موجود ہیں کہ وہ متحد ہو کر بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں ‘‘۔ انہوں نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بھی کہا کہ ان کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے پورا ملک ان کے ساتھ ہے ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا