English   /   Kannada   /   Nawayathi

سرکار بھی ہماری اور سپریم کورٹ بھی ہمارا،رام مندربن کر رہے گا ، بی جے پی لیڈر نے بیان سے کی عدلیہ کی توہین

share with us

بہرائچ:09؍ستمبر2018(فکروخبر/ذرائع)ایک بار پھر بی جے پی کے ایک وزیر نے اپنے بیان سے عدالت کی توہین کی اور اسے اپنی مٹھی میں بتایا۔ اتر پردیش کی بی جے پی حکومت میں وزیر مکٹ بہاری ورما نے میڈیا سے بات چیت کے دوران یہ کہنے میں کسی بھی طرح کی جھجک محسوس نہیں کی کہ ’’رام مندر بنے گا اور اسے بنانے سے متعلق ہم نے عزم مصمم کیا ہے۔ یہ بنے گا کیونکہ سپریم کورٹ بھی ہمارا ہے اور سرکار بھی ہماری ہے، رام مندر تو بن کر رہے گا۔‘‘ مکٹ بہاری ورما کے اس متنازعہ بیان کے بعد ایک بار پھر رام مندر کی تعمیر پر جاری تنازعہ کو ہوا مل گئی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق یوگی حکومت میں وزیر مکٹ بہاری ورما بہرائچ ریاستی حکومت کی کارگزاریوں کا شمار کرنے پہنچے تھے۔ یہاں جب میڈیا کے لوگوں نے ان سے ایک سوال کیا تو وہ کہنے لگے کہ ’’میں نے کبھی نہیں کہا کہ بی جے پی مندر کو ایشو بنا کر حکومت میں آئی ہے۔ بی جے پی ترقی کے نام پر برسراقتدار ہوئی ہے لیکن مندر ہمیں عزیز ہے اس لیے مندر بن کر رہے گا۔‘‘ بہرائچ کے قیصر گنج سے رکن اسمبلی مکٹ بہاری کے اس بیان نے سیاسی ہلچل تیز کر دی ہے اور بی جے پی کے دیگر لیڈروں کو کچھ بولتے نہیں بن رہا ہے۔

اس متنازعہ بیان کے بعد جب ’سی این این-نیوز 18‘ نے بی جے پی کی ترجمان انیلا سنگھ سے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی تو انھوں نے سپریم کورٹ کے کسی کے ہاتھوں میں ان کی باتوں کو مسترد کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’سپریم کورٹ آزاد ہے اور ایسا نہیں کہہ سکتے کہ سپریم کورٹ کسی کے دباؤ میں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ’’رام مندر کا مسئلہ عدالت میں ہے اور اس کا فیصلہ قابل قبول ہوگا۔‘‘

مکٹ بہاری ورما کے بیان پر کانگریس بری طرح ناراض نظر آ رہی ہے۔ کانگریس لیڈر سنجے جھا نے ان کے بیان کی سخت تنقید کرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ ’’یہ انتہائی قابل اعتراض بیان ہے۔ بی جے پی وزیر کا یہ کہنا کہ سپریم کورٹ اُن کا ہے، عدلیہ کی توہین ہے اور سپریم کورٹ کی آزادی پر سوال کھڑے کرتی ہے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس طرح کے خطرناک بیانات سے عام آدمی پر کیا اثر پڑتا ہے؟‘‘ ساتھ ہی سنجے جھا نے امید ظاہر کی کہ اس متنازعہ بیان پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہیے اور متعلقہ لیڈر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا