English   /   Kannada   /   Nawayathi

مشرقی بیت المقدس میں 1000 مکانات تعمیر کرنے کا اسرائیلی منصوبہ تیار

share with us

یہ مکانات مشرقی بیت المقدس میں قائم بیسگات زئیو یہودی کالونی اور بعض دوسری کالونیوں میں تعمیر کیے جا ئینگے،رپورٹ

مقبوضہ بیت المقدس :04؍جولائی 2018(فکروخبر/ذرائع)صہیونی حکومت نے مشرقی بیت المقدس میں مزید ایک ہزار مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ مکانات مشرقی بیت المقدس میں قائم بیسگات زئیو یہودی کالونی اور بعض دوسری کالونیوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔یہ کالونی سنہ 1967 اور سنہ 1948 کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے درمیان حد فاصل سے درمیان واقع ہے۔ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں اتنی بڑی تعداد میں ان مکانات کی تعمیر کا اعلان دو سال میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔فلسطین میں یہودی آباد کاری اور غیرقانونی بستیوں کی تعمیر پرعالمی سطح پر شدید تنقید کے باوجود صہیونی ریاست ڈھٹائی کے ساتھ یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔ فلسطین میں یہودی بستیوں کی غیرقانونی تعمیر سے نہ صرف فلسطینیوں پرعرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے بلکہ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کیقیام کی راہ بھی مشکل ہوگئی ہے۔غیرقانونی یہودی بستیوں میں اسرائیل نے چھ لاکھ یہودی آباد کار رکھے ہیں۔ ان میں چار لاکھ یہودی آباد کار غرب اردن اور باقی مقبوضہ بیت المقدس میں آباد ہیں۔ یہ یہودی غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں آباد 26 لاکھ فلسطینیوں کے لیے وبال جان بنے ہوئے ہیں۔گذشتہ برس 23 دسمبر کو عالمی سلامتی کونسل نے کثرت رائے سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیرقانونی قرار دیا گیا تھا۔ قرارداد 2334 میں اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سنہ 1967 کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں سے نکل جائے اور تاکہ ان علاقوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا اعلان کیا جا سکے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا