English   /   Kannada   /   Nawayathi

بہار میں کس کی دیوالی اور کسے بنواس

share with us

آگے بڑھنے سے پہلے تازہ سروے پر نظر ڈال لی جائے ۔ انڈیا ٹوڈے گروپ اور سسرو نے مشترکہ طور پر سروے کیا ہے یہ سروے دو مرحلہ میں مکمل ہوا ہے پہلا ستمبر میں اور دوسر ا اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں۔ اس کے مطابق بھاجپاکے این ڈی اے پر عظیم اتحاد کو معمولی بڑھت ملی ہے ۔ سروے کے پہلے دور میں جے ڈی یو کے نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ کا سب سے مقبول دعویدار بتایا گیا ہے و ہیں دوسرے دور میں یہ بھی بتایا گیا کہ لوگوں کا ماننا ہے کہ نتیش کمار امیدوں پر کھرے اترے ہیں اور کئی کام انہوں نے امید کے پار جا رکر بھی کئے ہیں ۔ ستمبر کے سروے میں این ڈی اے کو 125سیٹیں دی گئیں تھیں وہیں عظیم اتحاد کو 106سیٹیں ملنے کا اندازہ لگایا گیا تھا ۔ دوسرے دور میں عظیم اتحاد کو 122سیٹیں ملتی دکھائی گئی ہیں جبکہ این ڈی اے کو صرف 111سیٹیں ملنے کے آثار بتائے گئے ہیں ۔ 
پہلے دور کا سروے بتاتا ہے کہ 43فیصد نو جوان بھاجپا کی حمایت میں تھے لیکن دوسرے دور میں یہ گھٹ کر 36فیصد رہ گئے جبکہ بھاجپا کے حق میں سرکاری ملازمین کی حمایت میں 5فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔اس میں نیتاؤ ں کی مقبولیت کو بھی آنکا گیا ہے ۔ستمبر میں نتیش کمار کی ریٹنگ 29 تھی جو اکتوبر میں بڑھ کر 38ہو گئی ہے ۔ششیل کمار مودی کی 19تھی وہ 22ہو گئی ان کی ریٹنگ بڑھنے کی رفتار کم ہے ۔اس بیچ لالو پرساد کی ریٹنگ گھٹی ہے ان کی ستمبر میں 12تھی جو گھٹ کر 9رہ گئی ۔
تائمز آف انڈیا کے اوپینین پول میں این ڈی اے کو عظیم اتحاد سے چار فیصد ووٹ زیادہ ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے یعنی 45فیصد۔چھوٹی پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کو 10فیصد ووٹ ملنے کی بات کہی گئی ہے وہیں کمیونسٹوں کو 6فیصد کوئی فیصلہ نہ لینے والے ووٹروں میں سے حصہ ملنے کی امید جتائی گئی ہے ۔سروے میں 60-46 سال کی عمر کے لوگوں کو عظیم اتحاد کا بڑا حمایتی بتایا گیا ہے جبکہ 45-30 کی عمر والوں میں بڑی تعداد ( جو 10فیصد تک ہو سکتی ہے ) ایسے ووٹروں کی بتائی گئی ہے جو یہ طے نہیں کر پائے ہیں کہ وہ کس پارٹی کو ووٹ دیں گے ۔ سروے کے نمونے میں 63فیصد نے نتیش کمار کی حکومت کی کارکردگی پر مودی کے مقابلہ زیادہ بھروسہ دکھایا ہے ۔24فیصد لوگ ریاستی حکومت سے بہت زیادہ خوش نظر آئے جبکہ مرکز کی حکومت کو صرف 16فیصد نے ہی پسند کیا ۔سروے میں 46فیصد نے ریاست کے لئے سماجی انصاف اور ترقی دونوں کو ضروری بتایا۔27 فیصد نے سماجی انصاف کو فوقیت دینے کی بات کہی تو 22فیصد نے ترقی پر زور دیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ ترقی سے ہی تمام طبقات کے مسائل حل ہو سکیں گے ۔
دی ٹائمز نو پول ۔سی ووٹر کے سروے میں یہ پیشگوئی کی گئی ہے کہ این ڈی اے کو 119سیٹیں مل سکتی ہیں اور عظیم اتحاد 116سیٹیں لینے میں کامیاب رہے گا ۔اس تخمینہ میں 8سیٹوں کے کم یا زیادہ ملنے کی امید جتائی گئی ہے۔ رپورٹ کا کہنا ہے کہ دونوں اکثریت یعنی 243سیٹوں کی اسمبلی میں 122کے آنکڑے سے دور رہیں گے جبکہ سی AXIS ,CNN ,IBN کا ماننا ہے کہ نتیش کمار کے عظیم اتحاد کو 137سیٹیں حاصل ہوں گی اور این ڈی اے محض 95سیٹوں پر سمٹ جائے گا ۔ اس میں 8سیٹیں کم یا زیادہ ہو سکتی ہیں ۔سی این این ، آئی بی ایم نے پارٹی واد سیٹوں کی تعداد کی تفصیل سے بتائی ہے ۔ اس کے مطابق این ڈی اے کی 95سیٹوں میں سے 82بی جے پی کو 8جتن رام مانجھی کی پارٹی کو 3اوپندر کشواہا کو 2رام ولاس پاسوان کے کھاتے میں جائیں گی ۔اسی طرح عظیم اتحاد کی 137سیٹوں میں 69جے ڈی یو ،48آر جے ڈی اور 20سیٹیں کانگریس کی شامل ہوں گی ۔ اس سروے کا کہنا ہے کہ بہار میں پہلی مرتبہ بی جے پی سب سے بڑے دل کی شکل میں ابھر کر سامنے آئے گی اس طرح بہار کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی رونماہونے والی ہے ۔ بی جے پی کی سرکار بنے یا نہ بنے لیکن زمینی سطح پر اس چناؤ سے اس کی پکڑ مضبوط ہوگی ہو سکتا ہے کہ آئندہ اسے مانجھی ، کشواہا اور پاسوان کی بیساکھیوں کی ضرورت نہ رہے ۔اس لحاظ سے دیکھیں تو اس کی ہار میں بھی جیت ہے ۔ 
صوبائی انتخاب پارلیمنٹ کے انتخاب سے مختلف ہوتا ہے اس میں مقامی مسئلے حاوی رہتے ہیں جبکہ پارلیمنٹری انتخاب میں ملک کے مسئلوں پر توجہ دی جاتی ہے لوک سبھا چناؤ کے بعد جن صوبوں میں انتخابا ت ہوئے وہاں بی جے پی کے ووٹوں میں 6سے 8فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی ہے ۔اگر ایک پل کے لئے یہ مان لیا جائے کہ بی جے پی اور اس کے ساتھیوں کو اتنے ووٹ ملیں گے جتنے لوک سبھا چناؤ میں ملے تھے تو اس سے بھی سی این این ، آئی بی این کے نتائج کی تصدیق ہوتی ہے ۔ تب بی جے پی ، ایل جے پی اور آر ایل ایس پی کو 38.77فیصد ووٹ ملے تھے ۔عظیم اتحاد کے ساتھیوں کو 45.06فیصد ووٹ ۔مانجھی کے ووٹ اور جوڑ لئے جائیں تب بھی یہ ووٹ فیصد 40کے آس پاس رہے گا ۔اس حساب سے بھی بی جے پی اتحاد کو 90-95سیٹیں اور عظیم اتحاد کو 140کے قریب ملنی چاہئے ۔ بحر حال یہ چناؤ کے نتیجے بتائیں گے کہ کس اتحاد کو کتنی سیٹیں ملیں ۔
چناؤ کا تجزیاتی مطالعہ کرنے والی تنظیم سی ایس ڈی ایس لوک نیتی نے ان اعداد و شمار پر دلچسپ جائزہ پیش کیا ہے اس سے بہار میں چناؤ لڑ رہے دلوں کی صورتحال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ پچھلے لوک سبھا کے نتیجوں کی بنیاد پر اس نے تمام اسمبلی حلقوں کو چار حصوں میں بانٹا ۔ ایک وہ جہاں بی جے پی چناؤ لڑی اور این ڈی اے آگے رہا ۔ ان میں 73علاقے ایسے تھے جہاں عظیم اتحاد اپنے سارے ووٹ ملا کر بھی بی جے پی سے کم از کم پانچ فیصد ووٹوں سے پیچھے رہا یعنی یہ 73سیٹیں بی جے پی جیت سکتی ہے ۔دوسرے وہ حلقے جہاں بی جے پی چناؤ لڑی تھی لیکن این ڈی اے پیچھے رہا ایسے 29حلقوں میں عظیم اتحاد کے کل ووٹ این ڈی اے سے 23فیصد زیادہ تھے ۔یعنی یہ 29سیٹیں عظیم اتحاد کی پکی سمجھنی چاہئے ۔ تیسرے وہ 43اسمبلی حلقے ہیں جہاں بی جے پی چناؤ نہیں لڑی اور جن میں این ڈی اے پیچھے رہا تھا ان میں عظیم اتحاد کے ووٹ این ڈی اے کے مقابلہ 26فیصد زیادہ تھے یعنی وہ 43سیٹیں عظیم اتحاد کو آسانی سے مل سکتی ہیں ۔ چوتھے وہ 98حلقے جہاں بی جے پی نہیں لڑی تھی لیکن این ڈی سے آگے رہا تھا ان حلقوں میں عظیم اتحاد کے کل ووٹ بی جے پی سے محض ایک فیصد زیادہ ہیں ان کو باریکی سے دیکھیں تو 17ودھان سبھا حلقوں میں این ڈی اے کے ووٹ عظیم اتحاد سے زیادہ تھے یعنی یہ 17سیٹیں این ڈی اے جیت سکتا ہے ۔22حلقوں میں عظیم اتحاد این ڈی اے سے 10فیصد زیادہ ووٹ لینے میں کامیا ب رہا تھا یعنی یہ 22سیٹیں عظیم اتحاد کے کھاتے میں رہیں گی ۔ اس طرح 73+17یعنی 90سیٹیں بی جے پی اتحاد کو اور 29+43+22 یعنی 94سیٹیں عظیم اتحاد کو جیتنے میں کوئی ارچن نہیں ہے ۔59سیٹیں ایسی ہیں جہاں لوک سبھا چناؤ میں دونوں دلوں کے بیچ ووٹوں کا فرق 10فیصد سے کم رہا تھا ان سیٹوں پر دلتوں کی آبادی زیادہ ہے ان میں سے جو دل زیادہ سیٹیں لینے میں کامیاب رہے گا وہی بہار میں سرکار بنا پائے گا ۔
ان تمام تفصیلات سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ مقابلہ سخت ہے مودی کی تابڑ توڑ ریلیوں ، گری راج سنگھ کا کیمرے کے سامنے ووٹ ڈالنا ، مرکزی وزیروں کی ڈیوٹی لگنا اور پرچار کے دوران امت شاہ یہاں تک کہ نریندر مودی جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں اس سے بی جے پی کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے ۔بہار کا الیکشن جیتنے کے لئے مرکزی حکومت الیکشن کمیشن کو بھی اپنے اشارے پر نچانے کی کوشش کررہی ہے عین ووٹنگ کے دن نریندر مودی کی ریلی کا ہونا اس طرف اشارہ کرتا ہے ۔وکاس کی بات کرتے کرتے بی جے پی اتحاد گائے پر آکر اٹک گیا ہے جبکہ بہار میں قانونی طور پر گاؤ کشی پہلے سے ہی بند ہے ۔بہار کی زمینی حقیقت کمر توڑ غریبی اور سماجی پچھڑا پن ہے ۔ 65فیصد آبادی یعنی 6.5کروڑ لوگوں کے پاس سوئی کی نوک کے برابر بھی زمین نہیں ہے گاؤں میں سرکاری نوکری کل دیہی آبادی میں سے 4فیصد کو بھی میسر نہیں ہے ایسے میں چناؤ پرچار پر فضول کے مسئلوں ، ذاتی واد اور نجی حملوں کا حاوی ہونا افسوس ناک ہے ۔
بہار کے انتخابی سروے سے یہ بات بھی ابھر کر سامنے آرہی ہے کہ چناؤ میں تین چار سیٹیں لانے والی چھوٹی پارٹیاں گنگ میکر کا رول ادا کر سکتی ہیں ۔سروے بی جے پی اتحاد کے خلاف جاتے نظر آرہے ہیں اس لئے وہ اپنے سارے حربے اپنانے میں لگی ہے ۔حسین خواب بیچنے کی کوشش کی جا رہی ہے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ میں 6.15فیصد کا پچھلے اسمبلی انتخاب کے مقابلہ اضافہ ہوا ہے ۔پچھلے چناؤ کے پہلے مرحلہ میں 50.85فیصد ووٹ پڑے تھے واضح رہے کہ جن 49سیٹوں کے لئے ووٹ پڑے ہیں ان میں سے 34پر نتیش لالو کا قبضہ ہے زیادہ ووٹنگ سے کئی بار سروے رپورٹوں کے اندازے غلط ہو جاتے ہیں لیکن ہر بار ایسا ہو یہ ضروری نہیں بہرحال دیکھنا یہ ہے کہ بہار کے لوگ بھاجپا کے خیالی جملوں سے کتنے متاثر ہوتے ہیں ۔کس کو دیوالی مبارک کہتے ہیں اور کس کو بنواس کی سزا سناتے ہیں ۔۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا