English   /   Kannada   /   Nawayathi

ممبئی کی مشہور و معروف دینی درسگاہ دار العلوم عزیزیہ میں ختم جلالین شریف اور ختم حفظ قرآن کی با وقار تقریب 

share with us

ممبئی :یکم اپریل 2018(فکروخبر/ذرائع)دار العلوم عزیزیہ میراروڈ کی مسجد میں سالہائے گزشتہ کی روایت کے مطابق عربی ششم کے طلبہ نے مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر) کے سامنے تفسیر قرآن جلالین شریف کا آخری درس پڑھا اور حفظ کے 16طلبہ نے مولانا محترم کے روبرو تکمیل حفظ قرآن پاک کیا ۔اس پر رونق محفل میں میرا روڈ کی مؤ قر شخصیات نے شرکت فرمائی ۔
     مولانا عبد القادر مہتمم دار العلوم عزیزیہ نے اس پروگرام کی صدارت فرمائی اور مولانا محمد عارف عمری استاد دارالعلوم عزیزیہ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے سورہ فاتحہ کی دلنشین تشریح کرتے ہوئے طلبہ کو مطالعے میں وسعت پیدا کرنے کی تلقین کی،اور آداب دعا کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ سورہ فاتحہ اس کی عملی شاہراہ ہے ،اور اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ حمد و ثناء کے بعد مطالبہ کیا جانا چاہئے ۔آپ نے فرمایا کہ حمد و ثناء اور اس کے بعد معاہدہ پھر مطالبہ کی ترتیب ہوتی ہے ۔اور ہمارا طرز عمل یہ ہے کہ ان تمام باتوں کو بالائے طاق رکھ کر صرف بارگاہ خداوندی میں مطالبہ کے لئے ہاتھ پھیلاتے ہیں ،جبکہ پہلے اللہ تبارک و تعالیٰ کی حمد و ثناء اور بندہ کی طرف سے اپنی عبودیت کا اظہار و اعلان ہونا چاہئے اور اس کے بعد اپنی درخواست پیش کرنی چاہئے ۔
طلبہ نے اس موقع پر الوداعی نظم بھی پڑھی جس میں مادر علمی اور اس کے اساتذہ و منتظمین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس پروگرام میں دار العلوم عزیزیہ کے ایک معمار الحاج عبد القیوم مرحوم کو بطور خاص یاد کیا گیا جن کا پچھلے دنوں طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ دار العلوم عزیزیہ میرا روڈ،ممبئی کا ممتاز دینی ادارہ ہے جو 1976میں ممبئی کے نامور عالم دین مولانا عبد العزیز بہاری ؒ کے نام نامی کی نسبت سے قائم کیا گیا ہے ،مولانا عبد العزیز نصف صدی قبل شہر ممبئی میں دار العلوم دیوبند کے نمائندے اور ترجمان کی حیثیت سے متعارف تھے اور جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے اہم کار کن بھی تھے ۔
اس تقریب میں معززین شہر کے علاوہ مولانا محمد زکریا (صدر جمعیۃعلماء میرا بھائندر)جناب دبیر عالم صدیقی(جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء میرا بھائندر)حافظ محمدعارف انصاری(جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے و پالگھر)بطور خاص شریک ہوئے ۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا