English   /   Kannada   /   Nawayathi

قرض معافی کے باوجود بینک کسانوں سے وصولی کر رہے ہیں: اکھلیش یادو

share with us

لکھنو۔31مارچ2018(فکروخبر /ذرائع)  سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھیلیش یادو نے الزام لگایا کہ اترپردیش میں قرض معافی کے باوجود بینک کسانوں سے وصولی کررہے ہیں۔ یادو نے کہا کہ میرٹھ کے جمال پور گاوں کے کسان مدن پال پانڈے پر اسٹیٹ بنک آف انڈیا کا 58682روپے قرض تھا۔ حکومت نے ان کا قرض معاف کرکے سرٹی فکیٹ بھی دے دیا تھا لیکن ان کے اکاونٹ میں گنے کی ادائیگی کے 65ہزار روپے آتے ہی بنک نے 58682روپے کاٹ لئے۔ پانڈے سرٹی فکیٹ لیکر در در بھٹک رہے ہیں لیکن کہیں کوئی مدد نہیں مل رہی ہے۔انہو ں نے کسان سے نامہ نگاروں کو سرٹی فکیٹ بھی دکھانے کیلئے کہا ۔ کسان کے ساتھ آئے جمال پور کے پردھان گورو چودھری کا کہنا تھا کہ ان کے گاوں کے آس پاس 12گاوں ایسے ہیں جن میں سے 35کسانوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات ہوئے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے کہنے اور کرنے میں فرق ہے۔ کسان پریشان ہیں ۔ کوئی سننے والا نہیں ہے۔ خیال رہے کہ یوگی حکومت نے 86لاکھ کسانوں کے ایک لاکھ روپے تک کے قرض معاف کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے لئے 36ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔ایس پی صدر نے کہا کہ مہوبا میں 27کسانوں نے قرض معافی کے انتظار میں جان دے دی لیکن سرکاری مدد نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملازمت نہیں دے رہی ہے البتہ اعظم خان جیسے ملازمت دینے والوں کے خلاف جانچ کی بات ضرور کررہی ہے۔ انہوں نے اعظم خان کو جان بوجھ کر پریشان کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ حکومت خان کو بدنام کر رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو سی بی آئی اور ای ڈی کا خوف دکھایا جارہا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا