English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسلمان اپنے دین و ایمان سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتا!

share with us

بھیونڈی میں جلسۂ تحفظ شریعت سے مولانا محمدعمرین محفوظ رحمانی کا خطاب

بھیونڈی 31؍ مارچ 2018(فکروخبر /ذرائع) اسلام اﷲ پاک کا اتارا ہوا دین ہے،اور مسلمان ہرحال میں اس دین کے پابند ہیں، وہ کبھی بھی اس دین سے دستبردار نہیں ہو سکتے،اورنہ اس دین کے مقابلے میں کسی اور قانون یا تہذیب کو قبول کر سکتے ہیں، قرآن کریم میں اﷲ پاک کا ارشاد ہے کہ بحیثیت دین اﷲ کے نزدیک اسلام ہی معتبرہے ،جو کوئی اس دین کے علاوہ کوئی اور دین لے کر آئے گا وہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ 
ان فکر انگیز جملوں کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے گذشتہ۳۰؍مارچ جمعہ کے روزنورانی مسجد کے پاس انصاری کمپاؤنڈ گلزار نگر بھیونڈی میں جلسۂ تحفظ شریعت و اصلاح معاشرہ میں کیا۔آپ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ آج مسئلہ یہ نہیں ہے کہ کچھ لوگ پورے ملک کے اقتدار پرقابض ہونا چاہتے ہیں،مسئلہ یہ ہے کہ وہ اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کوختم کر کے اپنے نظریات کو نافذ کرناچاہتے ہیں،ان کی کوشش یہ ہے کہ مسلمان اپنے دین و ایمان، اپنے عقائد ونظریات اور اپنی تہذیب و تمدن سے دست بردار ہوجائیں۔حکومت کامجوزہ طلاق ثلاثہ بل ان ہی کوششوں کا حصہ ہے،آپ نے اس بل کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو جان لیناچاہئے کہ مسلمان کبھی بھی اپنی شریعت سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔اس کی واضح مثال ملک بھر میں ہو رہے خواتین کے احتجاجی جلوس ہیں، جن میں اب تک ایک کروڑ سے زائدخواتین سڑکوں پر اتر کر شریعت اسلامیہ کے حق میں اور شریعت میں مداخلت کی کوششوں کی مخالفت میں احتجاج کر چکی ہیں ۔ آپ نے مسلمانوں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی زندگیوں کاجائزہ لیں اور احکام شریعت کو زندگی کے تمام شعبوں میں نافذ کریں،اس لیے کہ شریعت پر عمل ہی شریعت کے تحفظ کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
آپ کے بعد صدر جلسہ بھیونڈی کے مشہور عالم دین اور ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر حضرت مولانا مفتی سید حذیفہ قاسمی صاحب کا حقوق والدین کے عنوان پر خطاب ہوا،جب کہ آغاز میں ناظم جلسہ مولانا نعیم احمد صاحب نے گفتگو فرمائی،المیزان کمیٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے اس جلسے میں بھیونڈی شہر کے علماء و حفاظ اور دانشوران کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام الناس شریک ہوئے۔

(رپورٹ : مفتی محمد عامریاسین ملی)

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا