English   /   Kannada   /   Nawayathi

دینی تعلیمی بورڈ کا مشن یہ ہے کہ کوئی بھی بچہ اور بچی ضروری دینی تعلیم سے محروم نہ رہے: مفتی سلمان منصور پوری

share with us

مفتی محمد روشن قاسمی دینی تعلیمی بور ڈ مہا راشٹر کے صدر ،مولانا محمد ابراہیم قاسمی شولا پور جنرل سکریٹری منتخب 

ممبئی۔ 26مارچ2018(فکروخبر/ ذرائع) آج یہاں مدرسہ تعلیم القر آن کینا مارکٹ دیو نار گو ونڈی ممبئی میں جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی مجلس منتظمہ کے اجلاس کا شاندار اختتام عمل یں آیا ،جس میں صوبے بھر سے سینکڑوں عہدیداران و اراکین نے شر کت کی ۔اس موقع پر اجلاس کے مہمان خصوصی مفتی سید محمد سلمان منصور پوری( جنرل آل انڈیا دینی تعلیمی بورڈ )نے دینی تعلیمی بیداری مہم کی اہمیت اور ضرورت کو اجا گر کرتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیمی بورڈ کا مشن یہ ہے کہ کوئی بھی بچہ اور بچی ضروری دینی تعلیم سے محروم نہ رہے یہ صرف دینی تعلیمی بورڈ کا مشن نہیں بلکہ ہر ہر مسلمان کا یہی مشن ہو نا چاہئے، یہ کام کسی ادارے اور تنظیم کے ساتھ خاص نہیں ہے اسی طرح جو لوگ مسلکی اعتبار سے ہم سے اختلاف رکھتے ہیں وہ ہم سے جڑیں یانہ جڑیں کو ئی بات نہیں لیکن دینی تعلیمی بیداری مہم کا حصہ ضرور بنیں اور اپنے اپنے اعتبار سے عوام میں دینی تعلیم حاصل کرنے، اور مکا تب قائم کرنے کی طرف توجہ دلائیں۔ 
اس مو قع پر جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کے دین و ایمان کو بچانے ،ارتدادی تحریکوں کے سد باب ،باطل فتنوں کی سر کوبی اور چھو ٹے چھوٹے بچوں اور بچیوں کو قر آن کی تعلیم ،دین کی بنیادی باتیں سکھا نے کے لئے آج سے نصف صدی قبل ہمارے اکابرین نے دینی تعلیمی بورڈقائم کیا تھا ،اس وقت سے لیکر آج تک بورڈاپنے اغراض و مقاصد میں لگاہواہے ،اور کام کر رہاہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ مہا راشٹر کے مختلف اضلاع ،تعلقوں خاص طور پر دیہی علاقوں میں قادیانیت ،عیسائیت اور شکیل بن حنیف کا فتنہ تیزی سے سر ابھار رہا ہے، ایسے ہی دیگر باطل تحریکں بچت گھٹ،سودی قرض و دیگر اسکیمات کے ذریعے مسلم خواتین کو گمراہ کرنے کے درپے ہیں ،ہمیں ان فتنوں سے نمٹنے اور مسلمانوں کو گمراہی سے بچانے کے لئے دینی تعلیمی بیداری مہم سے جڑنا ہو گا ،اور اس تعلق سے عوامی بیدار ی پیدا کرنی ہوگی۔ 
مولاناعبد القوی صدر دینی تعلیمی بورڈ تلنگانہ و آندھرا پردیش نے اراکین منتظمہ کو ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ احساس ذمہ داری سے ہی کام ہو تا ہے جب تک یہ جذبہ کا رگر رہتا ہے تو دینی و نیوی ہرکام ہو تا رہتا ہے اور جب یہ سرد پڑ جا تا ہے تو کا موں پر فرق پڑ تا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ آج ہماری سب سے بڑی کمزوری ہے کہ ہم حالات کے مخالف ہو نے سے گھبرا جا تے ہیں جب کہ یہ حالات ہمارے اندر مزید نکھار کے لئے منجانب اللہ نازل ہو تے ہیں،اس سے ہمیں سبق لینے ضرورت ہے۔ اس اجلاس میں مفتی محمد روسن قاسمی نے بھی جمعیۃ علماء کی خدمات،دینی تعلیمی مہم کی ضرورت اور اصلاح معا شرہ کی اہمیت پر مختصر روشنی ڈالی۔ 
اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ لیگل سیل سکریٹری ایڈوکیٹ تہورخان پٹھان نے کہا کہ موجودہ حالات بد سے بد تر ہو تے جا رہے ہیں خصو صا مسلمانوں کے ساتھ جس طرح کی نا انصافی اور نا روا سلوک کیا جا رہا ہے اس سے ایسا محسوس ہو تا ہے کہ فرقہ پرست طاقتیں ملک کے نظام کو اپنی مٹھی میں کر لیا ہے ،جس طرح چاہتی ہیں اسے استعمال کرتی ہیں ،یہ اور اس جیسی دیگروجو ہات کی وجہِ سے دہشت گردانہ مقدمات میں پھنسائے گئے ، جیلوں میں محروس بے گناہ نو جوانوں کو انصاف ملنے میں تاخیرہو رہی ہے ،جھوٹے اور فر ضی مقد مات میں پھنساکر مسلمانوں کے وقار کو مجروح کرنے ،اور انہیں کچل دینے کے لئے منصوبہ بند سازش کی جا رہی ہے تاکہ وہ آواز بلند کرنے کے قابل نہ رہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جمعیۃ علماء مہا راشٹر بارہ ریاستوں سے
تعلق رکھنے والے سینکڑوں بے گناہ نو جوانوں کے 153 مقدمات کی پیروی کر رہی ہے ،الحمداللہ ان کیسس میں خاصی کامیابیاں بھی ملی ہیں اب تک مختلف کیسس میں76 مسلمانوں کی رہائی اور 37 افراد کی ضمانت عمل میں آچکی ہے۔ مزید نو جواں کی رہائی کے لئے ہماری لیگل ٹیم دن رات کوششوں میں لگے ہوئی ہے۔
مولانا محمد ابرہیم قاسمی ( صدر جمعیۃ علماء ضلع شولا پور) نے اراکین منتظمہ کی دینی تعلیمی بیداری مہم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت مسلمانوں کے دین و ایمان ،عقائد و اعمال کے تحفظ کی ذمہ داری ہمارے کا ندھوں پر ہے اگر ہم نے صحیح طریقے پر اس ذمہ داری کو نہیں نبھایا تو اس پر گرفت ہو گی ۔ آپ جس جماعت سے وابستہ ہیں اس کے قیام کے مقاصد میں سے ایک اہم مقصد اسلامی عقائد اور تشخص کی حفاظت کر نا ہے ۔انہوں نے شرکاء اجلاس سے اپیل کی کہ دینی تعلیمی بیداری مہم کو ایک تحریک بناکر کام کریں ،یہ ایک مشن ہے اور اس میں ہر ایک فرد کو حصہ لینا ضروری ہے ۔
اجلاس کا آ غازقاری محمد ظفر کی تلاوت اور مولانا محمد ساجد کی نعت پاک سے ہوئی ، مفتی محمد حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا اصل مقصد خدمت کرنا ہے چا ہے وہ کسی بھی نوعیت کی ہو اور جمعیۃ علماء یہ کام بلا تفریق مذہب و ملت انجام دے رہی ہے ۔اس اجلاس میں صو بائی دینی تعلیمی بورڈ کا انتخاب بھی عمل میں آیا جس میں مولانا مفتی محمد روشن قاسمی سو نو روی کو دینی تعلیمی بور ڈ مہا راشٹر کا صدر ،مولانا محمد ابراہیم قاسمی شولا پور کو جنرل سکریٹری ،اور مفتی رفیق پورکر کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔مولانا محمد ذاکر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہا راشٹر اور انکے احباب نے انتظامی امور کو بحسن و خوبی انجام دیا۔اسٹیج پرمولانا امان اللہ شری وردھن ( نائب صدر جمعیۃ علماء ہند ) قاری محمد ایوب قاسمی ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر) قاری محمد ایوب اعظمی (خازن جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) مولانا محمد راشد قاسمی گورے گاؤں ،شرف عالم با با نوی ممبئی،قاری شمس الحق قاسمی (ناظم علاقہ مراٹھواڑہ) ،مولانا جمیل الرحمن قاسمی بھیونڈی ودیگر جلوہ افروز تھے، جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر مولانا امان اللہ صاحب مہتمم جامعہ حسینیہ شری وردھن کی دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا