English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسلمان دانشمندی کامظاہرہ کرتے ہوئے فرقہ پرستوں کی چال کوناکام بنائیں

share with us

گڑھول شریف میں اہل علم اور سماجی رہنماؤں کیساتھ مولانا اسرارالحق قاسمی کا تبادلۂ خیال

سیتامڑھی۔26مارچ2018(فکروخبر /ذرائع) آج یہاں ضلع کے بوکھڑا بلاک کے گڑھول شریف میں معروف سماجی کارکن وسابق سرپنچ جاویداحمدکی دعوت پر ملک کے نامور عالم دین اور دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ مولانا اسرارالحق قاسمی ایم پی کی آمدہوئی ،جہاں سیاسی،سماجی اور تعلیمی میدان میں سرگرم شخصیات نے ان کا استقبال کیا اور مختلف تعلیمی وسماجی امورکے ساتھ ملک کے موجودہ حالات پرتبادلۂ خیال کیاگیا۔اس موقع پر جاویدسرپنچ نے مولاناقاسمی کی پچاس سالہ تعلیمی، فکری، سماجی و رفاہی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں ہندوستانی مسلمانوں کا قیمتی سرمایہ قراردیا۔انہوں نے کہاکہ آپ کی زندگی جہدِ مسلسل کا نمونہ ہے اور آپ نے پوری زندگی مسلمانوں کی تعلیمی ترقی اور ان کی سماجی بہتری و خوشحالی کے لئے جوقربانیاں دی ہیں وہ قابل تقلید ہیں۔مولاناقاسمی نے اپنی مختصرگفتگومیں جاویدصاحب و دیگر معززینِ علاقہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ آپ حضرات سیاسی و سماجی سطح پرمعاشرہ کے دبے کچلے افرادکی جوخدمت کررہے ہیں وہ قابل قدرہے اوراسی وجہ سے آپ حضرات کی حوصلہ افزائی کی خاطر میری حاضری ہوئی ہے۔انہوں نے ملک کے موجودہ سیاسی احوال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت اس ملک کی روح میں شامل ہے اور مشترکہ تہذیب و کلچر اس ملک کا مزاج ہے،جسے کوئی بھی طاقت ختم نہیں کرسکتی ہے،البتہ ملک کے ہندواور مسلمان دونوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملک کی اس خصوصیت کی حفاظت کے لئے ہمیشہ کمر بستہ رہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہ کریں۔مولانا قاسمی نے خاص کرکے مسلمانوں سے اپیل کی کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں دانشمندی اور حکمت عملی کا دامن تھامے رکھیں اور کسی بھی قسم کی گھبراہٹ کا شکارہونے کے بجائے سنجیدگی اور غوروفکر کے ساتھ کوئی قدم اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک جس نازک صورتحال سے گزررہاہے ایسے حالات پہلے بھی کئی بار آچکے ہیں مگرہمارے اسلاف اوراس وقت کے سماجی رہنماؤں نے سنجیدگی و دانشمندی سے ان کا مقابلہ کرکے سماج دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کوناکام بنایا،آج بھی ضرورت ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پرچل کرملک میں سماجی ہم آہنگی و بھائی چارہ کوفروغ دیں۔کشن گنج کے ایم پی نے کہاکہ2019میں ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظرفرقہ پرست طاقتیں ملک کے امن و امان کوتباہ کرنے کی کوششیں کررہی ہیں، ایسے میں معاشرہ کے اہلِ علم اور سماجی رہنماؤں کی خاص ذمہ داری ہے کہ وہ عوام پر محنت کریں اور انہیں جوش اور جذباتیت سے بچنے کے تلقین کرتے ہوئے سنجیدگی اوردانشمندی کامظاہرہ کرنے پر ابھاریں۔مولانااسرارالحق قاسمی نے کہاکہ اس وقت ایک اہم ضرورت یہ بھی ہے کہ مسلمان اپنے اعمال و اخلاق کو درست کرنے کی فکر کریں،یہ ہماری اسلامی ہدایات کا تقاضابھی ہے اور برادران وطن سے خوشگوارتعلقات قائم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پرمولاناقاسمی کے استقبال میں گڑھول شریف واطراف کے سرکردہ لوگوں کی بڑی تعداد موجودتھی جن میں بوکھڑابلاک کے پرمکھ حکم دیو یادو، کانگریس کے بلاک صدرجیویش جھا،بھاؤڑکے مکھیادشرتھ پاسوان،پنچایت سمیتی سمیع انصاری،سنگاچوری کے مکھیامحمد نور،عبدالخالق بدھنگرا، عالمگیرندوی، مسٹرنانپور،محمد آرزو، وقاراحمد، ارشد، محمدبلال،مہتاب،بھٹو،عدوان،رضوان اور لال قریشی کے علاوہ بڑی تعداد میں اہل علم وسماجی کارکنان موجودرہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا