English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایک معمولی تاجر کے بیٹے ذیشان علی نے اسرو کا سائنسداں منتخب ہوکر سیمانچل کا نام کیا روشن

share with us

نئی دہلی 25؍ مارچ 2018(فکروخبر/ذرائع)  محنت ، لگن، عزم اور کچھ کرنے کا جذبہ کارفرما ہو تو علاقے، حالات، ماحول اور پیسہ کامیابی حاصل کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتا۔ یہ بات سیمانچل (فاربس گنج) کے نوجوان سائنسداں ذیشان علی نے اسرو میں ایک سائنسداں کے طور پر منتخب ہوکر سچ کر دکھائی ہے۔ انہوں نے اسرو کے امتحان میں دسواں رینک حاصل کیا ہے۔ایک معمولی تاجر ظہیر انصاری کے 25سالہ بیٹا ذیشان علی نے گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والے اسرو کے کل ہند تحریری امتحان میں جس میں 40ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوئے تھے اور ان میں سے تین سو طلبہ و طالبات کا انٹرویوکے لئے انتخاب ہوا تھا۔ تین سو طلبہ و طالبات میں سے انٹرویو کے بعد 35طلبہ طالبات کا اسرو میں مختلف پروجیکٹس کے لئے بطور سائنس داں انتخاب ہوا تھا۔ان میں 35طلبہ و طالبات میں ذیشان علی نے دسواں رینک حاصل کیا ہے جو نہ صرف سیمانچل ، بہار بلکہ پورے ملک کے مسلمانوں کے لئے باعث فخر ہے۔ذیشان علی نے یو این آئی اردو سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والد کی مالی حالت اچھی نہیں تھی اور میری ماں نسرین زیبا گھریلو خاتون ہیں۔ اس کے باوجود میرے والدین نے ہمت نہیں ہاری اور مجھے فاربس گنج کے متھلا پبلک اسکول میں پڑھایا اور میں نے وہاں سے دسویں کا امتحان پاس کیا اور اس کے بعد میں نے دہلی کے ہمدرد پبلک اسکول سے 2012میں بارہویں کا امتحان پاس کیا۔ا س کے بعد 2015 میں دہلی کالج آف انجینئرنگ سے بی ٹیک کیا۔انہوں نے بتایا کہ بی ٹیک کرنے کے بعد میں نے انجینئرنگ سروس کی تیاری کرنے لگا اور اسی دوران میں نے اسرو کے کل ہند امتحان میں حصہ لیا جس میں میں دسویں رینک کے ساتھ کامیاب ہوا۔اس سوال کے جواب میں ذیشان علی نے بتایا کہ اسرو میں ہی وہ مستقبل بنائیں گے اور کچھ نیا کرنے کی کوشش کریں گے جس سے ملک اور قوم آگے بڑھے۔ انہوں نے ان نوجوانوں سے جو پیسہ کی کمی یا کسی وجہ سے ہمت ہار جاتے ہیں یا حوصلہ کھو دیتے ہیں، اپیل کی کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور بلکہ حالات کا مقابلہ کریں انہیں کامیابی ضرور ملے گی۔انہوں نے کہاکہ 20سال سے 25سال کا وقت بہت اہم ہوتا ہے اور اگر اس عمر کو نوجوان کیریر بنانے میں لگادیں توتابناک مستقبل حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اس عمر کو نوجوان مستی میں لگادیتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا مستقبل بھنور میں پھنس جاتا ہے۔واضح رہے کہ ارریہ سے آئی پی ایس حسن رضا آئی جی حیدرآباد، قیصر خالد آئی جی مہاراشٹر، اسلم حسن جوائنٹ کمشنر انکم ٹیکس، سالک پرویز آئی آر ایس اور دیگر سول سروس کے امتحانات میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا