English   /   Kannada   /   Nawayathi

انڈیا کی سرکاری فضائی کمپنی نے تل ابیب براستہ سعودی فضائی حدودکی پہلی پروازمکمل کرلی 

share with us

نئی دہلی:23؍مارچ2018(فکروخبر/ذرائع) انڈیا کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے اسرائیل جانے کیلئے سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پہلی پرواز مکمل کی ہے۔اسرائیل کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ یسرائیل اٹس نے کہا ہے کہ ایئر انڈیا کی دہلی سے تل ابیب کے لیے پرواز ان کے ملک اور سعودی عرب کے درمیان پہلا باضابطہ تعلق ہے۔اسرائیل کے وزرت سیاحت یاریف لیفین کا کہنا ہے سعودی فضائی حدود کے استعمال سے پرواز کے وقت میں دو گھنٹے کی کمی کے ساتھ ساتھ کرایوں میں بھی کمی ہوگی۔گزشتہ روز ایئر انڈیا کی دہلی سے اڑان بھرنے والی پرواز اے آئی 139 تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے پر جے ایم ٹی وقت کے مطابق شام سات بج کر 45 منٹ پر لینڈ ہوئی۔اسرائیل وزیرِ ٹرانسپورٹ یسرائیل کاٹس نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔انھوں نے عبرانی زبان میں کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان باضابطہ رابطہ قائم ہوا ہے۔اسرائیلی وزرت سیاحت یاریف لیفین بھی اس موقع پر ہوائی اڈے پر موجود تھے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔اسرائیل کی سرکاری فضائی کمپنی ال عال کو سعودی عرب کا روٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا کو اب ایک غیرمنصفانہ فوقیت حاصل ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل کی قومی ایئرلائن ال عال انڈین شہر ممبئی کے لیے پرواز کرتی ہے جس کے لیے وہ سعودی عرب اور ایران کی فضائی حدود کے بجائے بحیر احمر کا راستہ اختیار کرتی ہے۔سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کے سفارتی تعلقات قائم نہیں ہے۔دہلی سے تل ابیب اور تل ابیب سے دہلی ہفتے میں تین پروازیں سعودی فضائی حدود کا استعمال کریں گی۔ خیال رہے سعودی عرب نے کئی دہائیوں نے اسرائیل جانے والی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا