English   /   Kannada   /   Nawayathi

تنظیم کے صد سالہ جشن کی پہلی نشست کی تفصیلی رپورٹ

share with us

سو سال کے کامیاب سفر پر تنظیم کی جانب سے عظیم الشان اور تاریخی چار روزہ اجلاس کے لیے بھٹکل وائی ایم ایس اے گراؤنڈ میں دل کش اسٹیج سجایاگیا ہے۔ صبح قریب ساڑھے دس بجے مولانا محمد عمران اکرمی ندوی کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والے اس اجلاس میں کنوینر جناب دامودی عبداللہ صاحب نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا ۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری نے تنظیم کی صد سالہ تاریخ پر روشنی ڈالی جس میں انہوں نے تنظیم کے بانیان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سو سال کے کامیاب سفر پر اللہ رب العزت کا شکر بجالایا ۔ اسٹیج پر کئی ساری ذمہ داریاں سنبھال رہے بھٹکل نیوز کے ایڈیٹر جناب عتیق الرحمٰن نے مہمانان کو اسٹیج پر تشریف لانے کے لئے آواز دیتے رہے اس طرح باقاعدہ اسٹیج جو خالی تھا مہمانان سے پر ہوگیا اور پھر جلسہ گاہ بھی شرکاء سے بجز یک دکا بھراہوا ہی نظر آرہا تھا۔ اس موقع پر اسٹیج پر کئی ملکی اور ریاستی سطح کی کئی اہم سیاسی ، سماجی شخصیات موجود تھی جنہوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سو سال کے کامیاب سفر پر تنظیم کے ذمہ داروں کے علاوہ پورے بھٹکل کے باشندوں کو مبارکباد ی پیش کی ۔ 
تنظیم کے ایک ہاتھ میں قرآن ہے تو دوسرے ہاتھ میں سائنس : مولانا اسرارالحق قاسمی 
ممبر پارلیمنٹ اور تین سو سے زائد مدارس کے سرپرست حضرت مولانا اسرارالحق صاحب قاسمی نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کی کٹھن وادیوں میں ہم اپنی زندہ دلی کا مظاہر ہ کریں ۔ قوم کو زندگی کا ثبوت پیش کرنا ہو تو وہ ناممکن کو ممکن بناسکتی ہے ۔ تنظیم کے اس سو سال کے اختتام پر نئے عزم وحوصلہ کے ساتھ مستقبل میں قدم رکھیں پھر دیکھیں کہ بڑے سے بڑے مسائل آسانی کے ساتھ حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سو سال میں دینی وعصری ، قومی وملی مفادات کے لیے اور سماجی اور فلاحی کاموں میں تنظیم نے جن کارناموں کا نجام دیا ہے میں اس پر اپنی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ اس دوران میں نے دیکھا ہے کہ انہوں نے قرآن وسنت کی روشنی میں کام کیا ہے اس کے ایک ہاتھ میں قرآن ہے تو دوسرے ہاتھ میں سائنس ہے ۔ انہوں نے دینی میدان میں جہاں کام کیا ہے تو ملت کے نونہالوں کو آگے بڑھانے میں بھی تعاون دیا ہے جو واقعی قابلِ مبارکباد ہے اور لائق تقلید
میڈیا بھٹکل کو بدنام کرنا بند کرے : جناب دیوے گوڑا 
سابق وزیر اعظم ہند جناب دیوے گوڑانے بھٹکل کے ماحول سے متاثر ہوکر اور یہاں کے عوام کے محبت بھرے جذبات سے سرشار ہوکر انہوں نے میڈیا کو بدنام کرنے والی میڈیا پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا میڈیا بھٹکل کو نشانہ بنانہ چھوڑدے اور اس شہر کی خوبصورتی کو دیکھیں یہاں کے ماحول کو دیکھیں ، یہاں کی ترقیات کو دیکھیں پھر فیصلہ کریں گے بھٹکل کیا ہے۔ میڈیا نے بھٹکل کے تعلق سے ایسا خاکہ بنادیا ہے کہ جیسے ہی شہر کا نام سامنے آتا ہے تو ایک خاص چہرہ سامنے آتا ہے اور بھٹکل کو لے کر کئی سارے شبہات آنے شروع ہوجاتے ہیں، مگر ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تنظیم کے صدسالہ اجلاس کے انعقاد اور اس کے کامیاب سفر پر اور اس جلسہ میں دعوت دے کر بلائے جانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور پھر الگ الگ سوامی کے کہاوتوں کے حوالے سے بھیدبھاؤ کو چھوڑ کرایک ہوکر رہنے کی جانب آواز دی۔ 
اصلاح وتبلیغ کے لیے ہی اللہ نے اس امت کو مبعوث فرمایا : مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی 
امت مسلمہ کے ہر فرد پرضروری ہے کہ وہ اصلاح وتبلیغ کا کام کریں اور اسی کام کو دے کر اللہ نے انہیں بھیجا ہے ۔ یہی خیر کا کام ماضی میں بھی انجام دیا جاتا رہا اور حال میں بھی کام انجام دیا جا رہا ہے ۔ موجودہ دور میں اس کام کے لیے بہت سارے وسائل بھی اللہ نے عطا کیے ہیں ان وسائل کے ساتھ ہم آگے بڑھیں ۔ مولانا نے کہا کہ کسی شخص کے ناپسند کرنے سے یہ کام رکنے والا نہیں ہیں بلکہ ہم اس کو تقویت دینے کے لیے ہرممکن کوشش بھی کرتے رہیں۔ مولانا موصوف نے اس موقع پر تنظیم کے بانیان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جو اس کام کو آگے بڑھارہے ہیں وہ قرآن وسنت کی روشنی میں کام کرتے رہیں تو اصلاح وتبلیغ کا یہ کام انجام پاتا رہے گا اور جس کے لیے اس امت کو مبعوث کیا گیا ہے ان مقاصد میں وہ کامیاب ہوجائے گی ۔ 

تنظیم نے انسانیت کے لیے کام کیا ہے : جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن 
صد سالہ جشن کے چیرمین جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب نے کہا کہ تنظیم نے اس سو سال ذات پات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پوری انسانیت کے لیے کام کیا ہے ۔ اس دوران اس سماجی اور فلاحی کام میں اپنی پہچان بنا دی ہے۔ موصوف نے حکومتی ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومتی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے مواقع تنظیم کو مہیا کرائیں جس کے لیے وہ ایک کمیٹی بھی تشکیل دینے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ 
تعلیمی میدان میں اپنے نونہالوں کو آگے بڑھائیں : دیش پانڈے
کرناٹک کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اور سیاحت جناب دیش پانڈے نے تنظیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں اور جتنا ہوسکے اس شعبہ کو ہم مضبوط کریں۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی ملک کے ساتھ ساتھ اندرونِ ہند میں بھی اپنی تجارت کو فروغ دینے کے لیے فیکٹریاں بنائیں جس سے یہاں کے لوگوں کو روز گار کے مواقع فراہم ہوں ۔انہوں نے اس موقع پر اپنی سرکار کی جانب سے ہورہی ترقیات کو بھی گنوایا۔
احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں : قمر الاسلام 
ریاستِ کرناٹک کے وزیر برائے میونسپل جناب قمرالاسلام صاحب نے کہا کہ یہ بڑی فخر کی بات ہے کہ تنظیم کے ذمہ داران بہت سے سماجی کاموں کے لیے ذریعہ بن رہے ہیں ۔ انہوں نے پرزور اپیل کی کہ جس میدان میں وہ کام کریں احساسِ ذمہ داری کے ساتھ کریں ۔انہوں نے حکومتی کاموں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملی اور اصلاحی کام میں آگے بڑھنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے اس موقع پر مرحوم ایس ایم یحیٰ صاحب کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے یاد کیا اور کہا کہ وقف کو آگے بڑھانے میں ان کا بہت بڑا تعاون اُس وقت تھا۔جس کی فائدہ اب تک وقف اُٹھارہی ہے
تنظیم کی خدمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں : مزمل قاضیا 
تنظیم کے صدر اور اسپائس ڈپارمنٹ کے چیر مین جناب مزمل قاضیا نے تنظیم کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گھر گھر پہنچنے کا جو خواب تنظیم کاتھا وہ پورا ہورہا ہے ۔ اب تنظیم محتاجِ تعارف نہیں ہے اور اس کی خدمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں ۔ انہوں نے اجلاس کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلاف کی خدمات کو نئی نسل کے سامنے لانا تھا اور نئی نسل کو اس میدان میں کام کرنے کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔ 
مذکورہ مہمانوں کا علاوہ کرناٹک کے وزیر صحت جناب یوٹی قادر صاحب اور بھٹکل رکن اسمبلی جناب منکال وائیدیا نے بھی اپنے تأثرات پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس کے بعد اسٹیج پر موجود معزز مہمانوں کی خدمات میں مومنٹو پیش کیے گئے۔ قاضی جماعت المسلمین بھٹکل محترم جناب قاضی ملا محمد اقبال صاحب کی دعائیہ کلمات پر قریب پاؤنے ایک بجے یہ افتتاحی نشست اپنے اختتام کو پہنچی ۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا