English   /   Kannada   /   Nawayathi

بہار میں رام نومی پر تشدد, انٹرنیٹ خدمات بند

share with us

نالندہ:یکم اپریل2023(فکروخبر/ذرائع) بہار شریف میں رام نومی کے موقع پر جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے بعد شرپسندوں نے ایک گودام کو آگ لگا دی۔ آگ لگنے کے 15 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی فائر بریگیڈ کی ٹیم اس گودام کی آگ پر قابو نہیں پا سکی ہے، آگ وقفے وقفے سے بھڑک رہی ہے۔ گودام میں رکھا 5 کروڑ مالیت کا سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پورے بہار شریف میں 2 درجن سے زائد دکانوں کو بھی آگ لگا دی گئی اور زبردست توڑ پھوڑ کی گئی۔ کئی دکانیں بھی مکمل طور پر لوٹ لی گئیں۔

مسلم میرر کے رپورٹ کے مطابق نالندہ ضلع کے ایک گاؤں بہار شریف میں رام نومی کے موقع پر ایک مسجد کو آگ لگا دی گئی۔ ہجوم نے قصبے میں مسلمانوں کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا۔ وہیں اس معاملے پر ٹویٹر پر بھی متعدد ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔ میر فیصل نام کے ایک ٹویٹر یوزر نے لکھا ہے کہ بہار کے نالندہ میں افطار کے دوران رام نومی کا جلوس نکل رہا تھا، اسی دوران دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا۔ مساجد پر پتھراؤ کیا گیا اور مورار پور مسجد کو ہندوتوا کے ہجوم نے نذر آتش کر دیا۔

وہیں اس معاملے پر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کی دکانوں، مکانات، گاڑیوں اور ایک قبرستان کو آگ لگا دی گئی ہے۔ اس معاملے پر مسجد کے امام نے صحافیوں کو بتایا کہ مسجد سے تقریباً 500 میٹر آگے دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا۔ مسجد کے ارد گرد سب کچھ نارمل تھا۔ مسجد ایک موڑ پر واقع ہے اور ارد گرد کے علاقے میں کوئی مسلم کمیونٹی نہیں ہے۔ یہ معلوم ہونے کے بعد کہ مسجد ویران ہے، شرپسندوں نے مسجد پر حملہ کر دیا۔

لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل: بہار شریف کے گگن دیوان علاقے میں رام نومی شوبھا یاترا کے دوران ہنگامہ کے بعد ہفتہ کو پورے شہر میں سناٹا دیکھا گیا۔ دن بھر انتظامی اہلکاروں نے شہر میں گشت کیا اور لوگوں سے امن بحال کرنے کی اپیل کی۔ پٹنہ کمشنر کمار روی آئی جی راکیش راٹھی کے علاوہ نالندہ کے ضلع مجسٹریٹ ششانک شوبھنکر، نالندہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک مشرا نے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا اور لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی۔

پٹنہ کے ڈویژنل کمشنر کمار روی، آئی جی راکیش راٹھی بھی متاثرہ علاقے میں موجود ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک مشرا نے بتایا کہ بدمعاشوں نے کئی دکانوں کو مکمل طور پر لوٹ لیا ہے۔ بہار شریف کے گگن دیوان اور رام چندر پور پلپر علاقوں میں 2 درجن سے زیادہ دکانیں جل گئی ہیں۔ اب صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ اس معاملے میں اب تک 27 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وہیں نالندہ کے ایس پی اشوک کمار مشرا نے کہا کہ انٹرنیٹ سروس 48 گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ دفعہ 144 لاگو ہے۔ لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ گھر سے صرف ضرورت کے وقت نکلیں ورنہ گھر پر ہی رہیں۔ کسی بھی صورت حال میں امن قائم رکھیں۔ آہستہ آہستہ سب نارمل ہو جائے گا۔" وہیں ڈویژنل کمشنرکمار روی نے کہا کہ ہم تمام علاقوں میں گھوم رہے ہیں، تاکہ کہیں بھی کوئی گڑبڑ نہ ہو۔ دکانیں بھی آہستہ آہستہ کھل رہی ہیں، لوگوں کو اعلانات کے ذریعے بتایا جا رہا ہے، اب صورتحال قابو میں ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا