English   /   Kannada   /   Nawayathi

استقبالِ رمضان کے عنوان پر وائی ایم ایس اے کی جانب سے استقبالِ رمضان پروگرام کا انعقاد

share with us

بھٹکل 18؍ مارچ 2023 (فکروخبرنیوز) ینگ مسلم سرویس اسوسی ایشن بھٹکل (YMSA) کی طرف سے کل بروزجمعہ بعد عشاء ٹھیک نو بجے تنظیم جمعہ مسجد کے احاطہ میں استقبالِ رمضان کے عنوان پر ایک پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل وخطیب حمزہ جمعہ مسجد مولانا محمد اقبال نائطے ندوی نے رمضان کے استقبال اور اس میں اللہ سے قرب حاصل کرنے والی چیزوں پر تفصیلی گفتگو فرمائی۔

مولانا نے اپنی تقریر کے آغاز ہی میں کہا کہ انسان جب کسی بات کو بہت زیادہ بولتا ہے اور اس کو سنتا ہے تو پھر اس کی حقیقت انسان کے دلوں میں بیٹھ جاتی ہے۔ اسی طرح استقبالِ رمضان کے سلسلہ میں جو باتیں بولیں اور سنیں جاتی ہیں وہ بھی انسان کے دلوں میں گھر کر جاتی ہیں اور انسان کو رمضان گذارنے کے لیے اس سے مدد ملتی ہے۔

مولانا نےرمضان کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس عظیم مہینہ میں اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید اتارا جس میں انسانوں کی ہدایت کا سامان ہے اور اس کے ذریعہ انسان حق اور باطل ، اچھے اور برے ، عزت اور ذلت کے درمیان فرق کرتا ہے۔ اس مہینہ کے روزے کو اللہ تعالیٰ نے فرض قرار دیا ہے۔

مولانا نے حدیث کے حوالہ سے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمانوں کے لیے رمضان کے مہینہ سے بڑھ کر کوئی مہینہ نہیں ہے اور آج کے سائنسدانوں اور طبی تحقیق میں یہ بات ملتی ہے کہ رمضان کے روزوں سے بڑھ کر انسان کے لیے کوئی بہتر چیز نہیں ہے۔

مولانا موصوف نے شبِ قدر ، اعتکاف اور دیگر عبادتوں کے تعلق سے بھی اور سحر اور فطار کے وقت خصوصیت کے ساتھ دعا کا اہتمام کرنے کی نصیحت کی ۔

امام مسجد تنظیم مولانا عرفان ندوی نے کہا کہ ہم اپنے رمضان کا جائزہ لیں اور اس میں اعمال کے لیے کمر کس لیے۔ ہمیں اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ  ہماری زندگی میں رمضان کا مہینہ کتنی مرتبہ آیا ہے۔ مولانا غلط باتوں اور کاموں سے اجتناب کرتے ہوئے اعمالِ صالحہ میں رمضان گذارنے کی نصیحت کی ۔

یاد رہے کہ ہود بن محمد یونس سکری کی تلاوت سے اس استقبالِ رمضان پروگرام کا آغاز ہوا۔ ابوذر ابن ابوبکر گوائی نے نعت پیش کی ۔ نظامت کے فرائض مولانا عکراش اکرمی ندوی نے انجام دیئے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا