English   /   Kannada   /   Nawayathi

یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی مصری صدر السیسی آج نئی دہلی پہنچیں گے

share with us

نئی دہلی:24 جنوری2023(فکروخبر/ذرائع)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، جو 74ویں یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی ہیں، منگل کی شام تقریباً 6 بجے نئی دہلی پہنچیں گے۔ 24 سے 27 جنوری تک اپنے سرکاری دورے پر السیسی کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں پانچ وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ مصر کے صدر کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ پر بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا ایڈوائزری کے مطابق، اگلے روز یعنی بدھ کو، مصر کے صدر السیسی کا راشٹرپتی بھون میں ایک رسمی استقبال کیا جائے گا۔ وہ صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سمیت دیگر سے بھی ملاقات کریں گے۔ جے شنکر کے ساتھ وہ راشٹرپتی بھون میں میٹنگ کریں گے، اسی دن مصری صدر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اور اپنے قیام کے دوران باہمی دلچسپی کے دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اسی شام صدر دروپدی مرمو دورہ کرنے والے معززین کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت کا اہتمام کریں گی۔ یوم جمہوریہ پر السیسی بطور مہمان خصوصی یوم جمہوریہ پریڈ کا مشاہدہ کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ مصری فوج کا ایک فوجی دستہ بھی دیگر دستوں کے ساتھ راج پتھ پر مارچ کرے گا۔

سیسی، نائب صدر جگدیپ دھنکھر کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے اور وہ ہندوستان میں کاروباری برادری سے بات چیت کریں گے۔ مصری صدر السیسی 27 جنوری کو قاہرہ کے لیے روانہ ہوں گے۔وزارت خارجہ نے پیر کو ایک سرکاری بیان میں کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ عرب جمہوریہ مصر کے صدر کو ہمارے یوم جمہوریہ پر مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ مصری فوج کا ایک فوجی دستہ بھی یوم جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت کرے گا۔

وزارت خارجہ نے کہا، "صدر سیسی کے آنے والے دورے سے ہندوستان اور مصر کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور مصر اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال کا جشن بھی منا رہے ہیں۔ ہندوستان نے اپنی G20 صدارت کے دوران مصر کو بطور مہمان ملک مدعو کیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا