English   /   Kannada   /   Nawayathi

لبیک نوائط اسوسی ایشن کا سالانہ جلسہ : ہر انقلابی آواز پرنو جوانوں نے ہی سب سے پہلے لبیک کہہ کر انقلاب برپا کیا : مولانا عبدالاحد ندوی

share with us

بھٹکل 21؍ جنوری 2023(فکروخبرنیوز) لبیک نوائط یوتھ کا سالانہ جلسہ بروز جمعرات مسجد صدیقی سے متصل لبیک کے دفتر میں منعقد کیا گیا، جس میں لبیک یوتھ کے رکن مولوی رباح رکن الدین جامعی نے سال 2020 تا 2022 کی رپورٹ پیش کی ۔  پروگرام کا آغاز حافظ معن رکن الدین کی تلاوت سے ہوا، نعت ابوہریرہ محتشم نے پیش کی، اور جلسہ کی نظامت مفاز ائیکیری نے انجام دی۔ اس موقع پر رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف صلاحیتوں، حوصلوں، بلند پروازی اور عزائم کا دوسرا نام نو جوانی ہے، نوجوان کسی بھی ادارے یا قوم و ملت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہوتے ہیں، تو جوان قوم وملت کے لئے عظیم سرمایہ ہوتے ہیں، کسی بھی قوم وملت کی کامیابی و ناکامی، فتح وشکست، اورعروج و زوال میں نو جوانوں کا کردار نمایاں ہوتا ہے، انہی سے مستقبل کی امیدیں لگائی جاتی ہیں اور انہی کے ذریعہ کامیابیوں کے خواب دیکھے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ جوانی زندگی کا وہ حصہ ہے جس میں اعضاء مضبوط، ہمتیں فولادی اور حوصلے بلند رہتے ہیں، ان کے رگوں میں خون بجلیاں بن کر دوڑتا ہے، اور وہ پہاڑوں سے ٹکرانے کا عزم رکھتے ہیں، اسی وجہ سے ہم دیکھتے ہیں کہ ہر انقلابی آواز پرنو جوانوں نے ہی سب سے پہلے لبیک کہہ کر انقلاب برپا کیا، موجودہ دور میں نوجوانوں کے حالات پر بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس دور میں نو جوانوں کو کئی دشواریاں آئی ہیں ان مسائل کا حل کرنا بہت ضروری ہے، تعلیم وتربیت ان مسائل میں سرفہرست ہیں۔ جب نوجوان معاشرے میں قدم رکھتے ہیں تو ذہنی طور پر غلامی کے شکار ہوتے ہیں، اور جب ذہن ایک بار غلامی قبول کرلے، تو ملک وقوم کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ آج کا نوجوان ایک کلک میں وہ سب کچھ کر سکتا ہے جس کو کرنے کے لئے پرانے زمانے میں سالوں سال بیت جاتے تھے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ طبقہ کئی مسائل اور کئی اُلجھنوں کا شکار ہورہا ہے۔ ایک طرف ناقص تعلیم و تربیت، تو دوسری طرف حیاء سوز مغربی فکر و تہذیب کے پیدا کردہ مسائل، ایسے موقع پر والدین، علماء اور دانشوروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مربیانہ رول ادا کریں۔ 
 رپورٹ میں لبیک کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ دو سالوں میں کل 52 نشستیں منعقد ہوئیں ، جس کے تحت تقریباً 40 پروگرامات منعقد ہوئے ہیں، جن میں غسلِ میت کیمپ ، دعوت دین کےاصول، یومِ جمہوریہ تقریب ، تربیتی کیمپ برائے مستورات، تعلیمی وتہنیتی ایوارڈ ، بزنس اور کیرئیر کونسلنک پروگرام، اسپورٹس ڈے اور مختلف کھیل مقابلے شامل ہیں۔ اس موقع پر لبیک نوائط کے جنرل سکریٹری نے لبیک یوتھ کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ ، لہذا دین کی دعوت اور قوم وملت کی خدمت کے لئے نوجوانوں کو تیارکرنا لبیک یوتھ کے بنیادی مقصد میں داخل ہے۔ اجلاس سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا عزیز الرحمن ندوی نے بھی خطاب کیا، اور اس دو سالہ کارکردگی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔ صدارتی خطاب جناب رئیس رکن الدین صاحب نے پیش کیا، دعائیہ کلمات کے ساتھ نشست اختتام کو پہنچی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا