English   /   Kannada   /   Nawayathi

علیحدہ کامتاپور ریاست کے مطالبہ : بنگال میں ریل ناکہ بندی سے کئی ٹرینیں متاثر

share with us

06؍ دسمبر 2022(فکروخبر/ذرائع) الگ کامتاپور ریاست کے مطالبہ کو لے کر کامتاپور اسٹیٹ ڈیمانڈ فورم (کے ایس ڈی ایف) کے ذریعہ ریل لائن پر لگائے گئے رخنات کے سبب منگل کے روز شمالی بنگال کے مختلف حصوں میں ریل سروس متاثر رہی۔ منگل کی صبح سے شروع ناقہ بندی کے بعد کئی میل، ایکسپریس اور مال گاڑیاں مختلف اسٹیشنوں پر پھنسی رہیں۔

جنوبی بنگال سے شمالی بنگال کی طرف جانے والی سب سے اہم ٹرینوں میں سے ایک کنچن جنگا ایکسپریس جلپائی گوڑی ضلع کے میناگوری ریلوے اسٹینش پر پھنسی رہی۔ اسٹیٹ پولیس فورس، ریلوے سیکورٹی فورس اور سرکاری ریلوے پولیس کو ان اسٹیشنوں پر تعینات کیا گیا تھا جہاں فورم کے کارکنان نے ناقہ بندی کی تھی۔

آئندہ سال ریاست میں سہ سطحی پنچایت سسٹم کے لیے ہونے والے انتخابات کے پیش نظر اس تحریک کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ فورم کے سربراہ نکھل رے نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی طرف سے پہلے ہی 12 گھنٹے کی ناقہ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا واحد مطالبہ الگ کامتاپور ریاست ہے۔ فورم کے نائب سربراہ امت رے نے کہا کہ ناقہ بندی کافی کامیاب رہی، پولیس پہلے ہی ہمارے کئی حامیوں کو گرفتار کر چکی ہے لیکن اس سے حوصلہ کمزور نہیں ہوگا۔

امت رے نے کہا کہ شروع میں انھوں نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے ساتھ بات چیت کر کے پرامن طریقہ سے اپنے مطالبات کو سامنے رکھا۔ لیکن نہ تو ریاستی حکومت نے، اور نہ ہی مرکزی حکومت نے اس پر کوئی مثبت رد عمل ظاہر کیا۔ ایسے میں ریل ناقہ بندی کا سہارا لینے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔ آنے والے دنوں میں ہم اس ایشو پر بڑی تحریک چلائیں گے۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال کے کوچ بہار، دارجیلنگ، جلپائی گوڑی، شمالی دیناجپور، جنوبی دیناجپور اور آسام کے گولپارہ، دھبری، بونگائی گاؤں و کوکراجھار اضلاع، بہار کا کشن گنج ضلع اور نیپال کے جھاپا ضلع کو ملا کر کامتاپور ریاست تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ دسمبر 1985 میں وجود میں آئے کامتاپور لبریشن آرگنائزیشن (کے ایل او) کے ذریعہ اس مطالبہ کو لے کر پہلے بھی مسلح تحریک ہو چکی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا