English   /   Kannada   /   Nawayathi

گجرات حکومت کا دوہرا معیار :بے رحم قاتلوں کی رہائی لیکن پتھراو کے الزام میں ۱۷ سال جیل میں گزارنے والوں کی ضمانت کی مخالفت

share with us

احمدآباد: 03/دسمبر2023(فکروخبر/ذرائع)مرکز کی مودی حکومت نے گجرات فسادات سے متعلق بلقیس بانو کیس کے قصورواروں کو معافی دے کر رہا کر دیا ہے لیکن گودھرا ٹرین جلانے کے معاملے میں ریاست کی بی جے پی حکومت ان لوگوں کی ضمانت کی بھی مخالفت کر رہی ہے جن پر صرف پتھراؤ کا الزام تھا۔ یہ ملزمان تقریباً 17 سال سے جیل میں قید ہیں۔ جبکہ ان کی درخواست ضمانت سپریم کورٹ میں 2018 سے زیر التوا ہے۔

گجرات میں انتخابات ہو رہے ہیں اور پہلے مرحلے کی پولنگ ہو چکی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کی پولنگ 5 دسمبر کو ہوگی۔ اس سے قبل حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ اس واقعے کے ملزمان کو کوئی رعایت دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔ 2002 کے گودھرا واقعہ کے ملزمین کی ضمانت کے معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت جاری تھی۔ ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے گجرات حکومت نے کہا کہ اس واقعہ میں ٹرین کو جان بوجھ کر آگ لگائی گئی۔ اس سے فرقہ وارانہ تشدد ہوا اور 59 لوگ مارے گئے۔ ریاست کی بی جے پی حکومت نے ملزمان کی ضمانت کی مخالفت ایسے وقت میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب سپریم کورٹ نے خود کہا ہے کہ ان میں سے کچھ پتھرباز ہیں اور طویل عرصے سے جیل میں قید ہیں۔

اس معاملے کی سماعت چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور پی ایس نرسمہا کی بنچ میں ہوئی۔ تقریباً 17 سال سے جیل میں قید کیس کے ملزمان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ پتھراؤ کرنے والے ملزمان کی ضمانت پر غور کیا جا سکتا ہے۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے فوری طور پر ملزمان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پتھراؤ کا معاملہ نہیں ہے۔ ملزمان نے ٹرین کو آگ لگائی تھی۔ یہ واقعہ ایک مخصوص برادری کے مسافروں کو نشانہ بنا کر انجام دیا گیا۔ اس میں 59 مسافر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ واقعہ 27 فروری 2002 کو پیش آیا تھا۔

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران گجرات حکومت کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ ملزمان کے کردار کی جانچ کی جائے گی۔ عدالت سے مہلت مانگتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تفتیش کے بعد ہی ملزمان کی ضمانت پر رائے دی جا سکتی ہے۔ وہیں، عدالت نے سالیسٹر جنرل کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد معاملے کا جائزہ لیں اور اپنا موقف پیش کریں۔ اب کیس کی اگلی سماعت 15 دسمبر کو ہوگی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا