English   /   Kannada   /   Nawayathi

اب سعودی عرب نے وزیٹرز کو بھی گاڑی چلانے کی اجازت دے دی

share with us

ریاض 15/نومبر/2022(فکروخبر/ذرائع) سعودی عرب آنے والے وزیٹرز کو گاڑی چلانے کی اجازت دے دی گئی۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب آنے والے وزیٹرز کو اب مملکت میں کرائے کی گاڑی چلانے کی اجازت ہے، یہ مملکت کی جانب سے متعارف کرائی گئی پانچ نئی سروسز میں سے ایک ہے، جو ابشر پلیٹ فارم پر شروع کی گئی ہیں، نیشنل انفارمیشن سینٹر میں وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی سرپرستی میں پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے خدمات کا آغاز کیا، جو سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (SDAIA) کے تعاون سے نافذ کی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ نئی خدمات میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کو تبدیل کرنا اور پہنچانا شامل ہے، اس کے علاوہ چوری اور گمشدہ پلیٹوں کی اطلاع دینا، پرائیویٹ سیکٹر کو ایئر گنز کی اجازت دینا اور پرائیویٹ سیکٹر کو راک کٹنگ پرمٹ جاری کرنا بھی نئی خدمات میں شامل ہے، ان خدمات کا آغاز وزارت داخلہ کی ڈیجیٹل تبدیلی کے ساتھ شہریوں، رہائشیوں اور آنے والوں کے لیے الیکٹرانک خدمات اور ڈیجیٹل حل کی فراہمی کے طور پر آتا ہے جس سے وقت اور محنت کی بچت ہوتی ہے اور فائدہ اٹھانے والوں کو طریقہ کار کو آسانی سے مکمل کرنے کے قابل بنایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں ایسے افراد جو فیملی ڈرائیور یا دیگر پیشوں پر مقیم ہیں انہیں کمرشل یا ہیوی ڈیوٹی ڈرائیونگ لائسنس جاری کرانے کی اجازت نہیں ہوتی، کمرشل اور ہیوی ڈیوٹی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء ان غیر ملکیوں کے لیے ہی کیا جاتا ہے جو مملکت میں ڈرائیور کے پیشے پر مقیم ہیں۔ علاوہ ازیں سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن کارڈ متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے بعد آئندہ گاڑی کے مالکان کو روایتی کارڈ ہمراہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ اب سمارٹ موبائل سے ابشر کے ذریعے ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن کارڈ دکھایا جاسکتا ہے۔

اس سلسلے میں سعودی محکمہ ٹریفک سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن کارڈ کے ذریعے ظاہر کیا جاسکتا ہے کہ وہ موثر ہے یا نہیں اور آپ متعلقہ گاڑی کے مالک ہیں ، اس کے لیے ابشر ایپ تک رسائی حاصل کرکے ڈیجیٹل آئی ڈی کا انتخاب کیا جائے ، اس کے بعد ڈیجیٹل آئی ڈی کو فعال کیا جائے پھر ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن لائسنس سروس کا انتخاب کیا جائے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا