English   /   Kannada   /   Nawayathi

4سال بعد ترکی نے اسرائیل میں اپنا سفیر کیا متعین

share with us

12/نومبر/2022(فکروخبر/ذرائع)ترکی نے چار سال کے وقفے کے بعد اسرائیل میں اپنا سفیر تعینات کر دیا ہے۔ ترک ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق نامزد ترک سفیر شاکر اوزکان تورونلر ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں جو 2010ء اور 2014ء کے درمیان یروشلم میں ترکی کے قونصل جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی بطور سفیر تقرری جمعہ کی شب ایک صدارتی حکم نامے کے زریعے کی گئی۔

یہ ترکی کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی جانب تازہ ترین قدم ہے۔ انقرہ نے مئی 2018ء میں بطور احتجاج اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا اور اسرائیلی فوج کی طرف سے درجنوں فلسطینیوں کی ہلاکت پر اسرائیلی سفیر کو ملک بدر کر دیا تھا۔اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یروشلم میں ترک قونصلر کو واپس ترکی بھیج دیا تھا

ترکش صدر رجب طیب ایردوآن کی طرف سے نومنتخب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی پچھلی حکومتوں کے ادوار میں فلسطینیوں کے حوالے سے اسرائیل کی پالیسی پر تنقید کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے۔ تاہم ایردوآن نے حالیہ اسرائیلی انتخابات میں کامیابی پر نیتن یاہو کا ایک تہنیتی خط بھجوایا۔

اس سے قبل اگست کے مہینے میں ترکی اور اسرائیل کی جانب سے تعلقات کی مکمل بحالی کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا، جب اسی مہینے اسرائیلی وزیر اعظم نے ترکی کا دورہ کیا تھا۔ بعد ازاں اسرائیلی وزیر اعظم یائر لاپیڈ کے دفتر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں ممالک نے سفیروں اور قونصل جنرلز کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سفارتی تعلقات کی بحالی کا یہ فیصلہ اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ ترکی اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا، ''ترکی کے ساتھ تعلقات کی مکمل بحالی علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم اثاثہ اور اسرائیل کے شہریوں کے لیے بہت اہم اقتصادی خبر ہے۔‘‘

اس سال کے آغاز سے ہی یہ دونوں ملک طویل عرصے سے کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے تھے اور اس حوالے سے توانائی کے شعبے میں ممکنہ تعاون کی امید نے اہم کردار ادا کیا۔ رواں برس مارچ میں اسرائیلی صدر اسحاق ہیرسوگ نے انقرہ کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں بتدریج بہتری ہو رہی تھی۔

سرائیلی صدر گزشتہ دس برسوں میں ترکی کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین عہدیدار تھے۔ ترکی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین اسلامی ممالک میں شمار ہوتا ہے اور اس کے اسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔ ان تعلقات کو اس وقت بڑا دھچکا لگا تھا، جب اسرائیلی نیوی نے سن 2010ء میں غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کرنے والے ایک ترک بحری جہاز پر دھاوا بولا تھا اور اس کے نتیجے میں ترک شہری بھی مارے گئے تھے۔

            پھر سن 2016ء میں تعلقات کی بحالی ممکن ہوئی لیکن سن 2018ء کے بحران کی وجہ سے یہ تعلقات پھر سردمہری کا شکار ہو گئے۔ تعلقات میں کشیدگی کی وجہ یروشلم میں امریکی سفارت خانہ کھولنے کے خلاف غزہ کی سرحد پر احتجاج کے دوران اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 60 فلسطینیوں کا مارا جانا تھا۔ تاہم اب دونوں جانب سے ایک دوسرے کو اہم علاقائی شراکت دار قرار دیے جانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بہتر تعلقات کے قیام کا اظہار کیا گیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا