English   /   Kannada   /   Nawayathi

ہم ٹکاؤ ہیں بکاؤ نہیں،تیجسوی یادو

share with us

:13/اگست 2022(فکروخبرنیوز/ذرائع)بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت تشکیل پانے کے بعد اتحاد کی پارٹیاں اب کابینہ کی توسیع پر غور و خوض کر رہی ہیں۔ آئندہ 24 اگست کو فلور ٹیسٹ ہونا ہے، لیکن اس کو لے کر مہاگٹھ بندھن کی پارٹیوں میں کوئی فکر نہیں ہے، کیونکہ وہ بہ آسانی اکثریت ثابت کر دیں گی۔ آر جے ڈی لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو حکومت بننے کے بعد سے کافی سرگرم نظر آ رہے ہیں اور کبھی روزگار دینے کی بات کہہ رہے ہیں تو کبھی 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو دھول چٹانے کی۔ اس وقت تیجسوی یادو دہلی کے دورے پر ہیں اور کئی سرکردہ لیڈروں سے وہ اب تک ملاقات کر چکے ہیں۔ انھوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کی اور اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی پر خوب حملہ کیا۔

سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد باہر آئے تیجسوی یادو نے میڈیا اہلکاروں کے کئی سوالوں کا کھل کر جواب دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ کسے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں؟ بہاری نہیں ڈریں گے، ہم ٹکاؤ ہیں، بکاؤ نہیں۔‘‘ تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ ’’جب کچھ غلط ہوا تو ہم نے نتیش جی کو بھی قصوروار ٹھہرایا۔ لیکن ہم سماجوادی لیڈر ایک ہی گھر سے ہیں۔ ہر گھر میں جھگڑے ہوتے ہیں، لیکن ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نتیش جی کے فیصلے کا استقبال کرتے ہیں۔‘‘

تیجسوی یادو نے مہاراشٹر میں اقتدار کی تبدیلی کا تذکرہ بھی میڈیا اہلکاروں کے سامنے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں بی جے پی کا سارا ڈرامہ دیکھا ہے۔ ہم بی جے پی والوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ ڈرنے والوں کو ڈراؤ، بکنے والوں کو خریدو۔ ہمارے آئینی ادارے سی بی آئی، ای ڈی، آئی ٹی ایک کے بعد ایک برباد ہو رہے ہیں، کیونکہ ان کا مرکزی حکومت غلط استعمال کر رہی ہے۔ آج ان آئینی اداروں کی حالت پولیس تھانے سے بھی بدتر ہے۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا