English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاراشٹرا : حکومت گرانے کی ہو رہی ہے کوشش ، لیکن کوئی خطرہ نہیں : شرد پوار

share with us

نئی دہلی: مہاراشٹر میں جاری سیاسی ہلچل کے درمیان این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ مخلوط حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے منگل کو کہا کہ مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور یہ تیسری بار ہے کہ ریاستی حکومت کو گرانے کی سازش کی گئی ہے لیکن یہ کامیاب نہیں ہوگی۔

شرد پوار نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ شیوسینا کے کچھ ممبران اسمبلی کی ناراضگی ان کی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کسی سے بات نہیں ہوئی اور وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے شیو سینا ممبران اسمبلی کی ناراضگی کا معاملہ سنبھال لیں گے۔ ڈھائی سال سے حکومت ٹھیک چل رہی ہے۔ این سی پی اور کانگریس پارٹی شیوسینا کے ساتھ ہیں۔

شرد پوار نے مزید کہا ’’این سی پی میں کوئی بغاوت نہیں ہے۔ ماضی میں بھی راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کراس ووٹنگ ہوئی ہے۔ اس سے ریاستی حکومت کے مستقبل پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘‘

خیال رہے کہ شیوسینا کے سینئر لیڈر ایکناتھ شندے کی قیادت میں پارٹی کے کچھ ناراض ایم ایل اے اس وقت گجرات کے سورت میں جمع ہیں اور ایسی خبریں آئی ہیں کہ وہ پارٹی قیادت سے ناراض ہیں۔

دریں اثنا، ایکناتھ شندے نے ٹوئٹ کیا، ’’ہم بالا صاحب (بال ٹھاکرے) کے کٹر شیو سینک ہیں۔ بالا صاحب نے ہمیں ہندوتوا سکھایا ہے۔ ہم نے اقتدار کے لئے بالا صاحب اور دھرم ویر آنند دیگھے کی تعلیمات سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔‘‘ انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیو سینا کا لوگو بھی ہٹا دیا ہے۔

 

ادھر، شیو سینا نے بھی شندے کو قانون ساز پارٹی قائد کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے اور ایک اجے چودھری کو قانون ساز پارٹی کا قائد مقرر کیا ہے۔ وہیں، بی جے پی لیڈران کی خواہش ہے کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی ہونی چاہئے، تاہم وہ فی الحال کسی بھی طرح کا بیان دینے سے فی الحال گریز کر رہے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا