English   /   Kannada   /   Nawayathi

ارادہ ہو اٹل تو معجزہ ایسا بھی ہوتا ہے!

share with us
Ruben Gonzalez

  نقی احمد ندوی، ریاض، سعودی عرب

جب بیس سال کے نوجوان روبین غونجالیس (Ruben Gonzalez) نے نیویارک کے لیک پلیسیڈ کے اولمپکس ٹرینگ سنٹر میں قدم رکھا تو اس وقت اس کی جیب میں ایک بزنس کارڈ تھا۔ یہ بزنس کارڈ اس کے ایک دوست کا تھا جو ہوسٹن کاایک بزنس مین تھا،روبین کا یہ ایک ایسا دوست تھا  جسے روبین کے خواب پر پورا پورابھروسہ اور اعتماد تھا کہ وہ اولمپکس میں کچھ نہ کچھ کرکے ضرور دکھائے گا۔  روبین دراصل اولمپکس کے ایک ایسے گیم میں حصہ لینے کا خواب دیکھا کرتا تھا جس کی ٹریننگ بہت ہی سخت اور خطرناک ہوتی ہے، یہ ایک ایسا کھیل ہے جس میں دس میں سے نو کھلاڑی ٹریننگ کے پہلے ہی دور میں ہمت ہارجاتے ہیں اور چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔جب کنکریٹ اور برف کے پہاڑی ٹریک اور ڈھلان پر وقت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے نوے میل کی رفتار سے ایک کھلاڑی لوگو گیم میں ریس کرتا ہے۔ تو  تقریبا ہرکھلاڑی کی کوئی نہ کوئی ہڈی ضرور ٹوٹ جاتی ہے۔ اس گیم کا نام Luge  ہے۔ اس کے اند ر ایک کھلاڑی ایک سلیج پر لیٹ جاتا ہے، اور پہاڑ کے ڈھلان پر برف کے ٹریک کے اوپر پھسلتا ہوا اپنے منزل پر پہونچتا ہے۔ روبین نے اس گیم میں حصہ لینے کے لئے ٹریننگ سنٹر میں جب اترا تو اس کا عزم آہنی  اور اس کا حوصلہ پہاڑ جیسا تھا، وہ کسی بھی قیمت پر ہار کر واپس جانے کے لئے نہیں آیا تھا۔ ساتھ ہی اس کے پاس ہوسٹن میں ایک ایسا دوست بھی تھا جو اس کا حوصلہ بڑھانے اور اسکے لئے کچھ بھی کرنے کو ہمیشہ تیار رہتا تھا۔

ٹریننگ کے پہلے دن پہلے سیشن کے ختم ہوجانے کے بعد جب روبین اپنے کمرہ میں لوٹا  تو اس نے اپنے دوست گریگ(Graig) کو فون کیا۔

گیریگ! یہ گیم تو بڑا مشکل ہے۔ میرے دونوں بازو میں بہت درد ہورہا ہے اور میرے دونوں طرف پسلیاں ٹوٹی جارہی ہیں۔ مجھے تو لگتا ہے کہ میرا ایک ا پیر بھی ٹوٹ گیا ہے اور میں صحیح سے چل نہیں پارہاہوں۔ بس بس، اب میں واپس جارہا ہوں۔

روبین! آئینہ کے سامنے جاؤ!  گریگ نے مداخلت کرتے ہوے کہا

کیا؟ روبین نے کہا

میں نے کہا کہ آئینہ کے پاس جاؤ! گریگ نے تحکمانہ انداز میں کہا

روبین بڑی مشکل سے کراہتے ہوئے اٹھا، اسے چلا نہیں جارہاتھا۔ کسی طرح اس نے ٹیلوفون کا وائر کھنیچتے ہوئے دیوار میں لگے آدم قد آئینہ کے پاس پہونچنے میں کامیابی حاصل کی اور آئینہ  کے سامنے کھڑاہوگیا۔

اب میں جو کہتا ہو ں اسے بس دہراتے جاؤ!  (No matter how bad it is, and how bad it gets, I am going to make it!)  چاہے جتنا بھی برا ہو اور چاہے جتنا بھی درد ہو میں اس کو کرکے رہونگا!

روبین سوچ رہا تھا کہ یہ کیسی حماقت ہے کہ ایک آدمی آئینہ کے سامنے کھڑے ہوکر ایسے جملے کو دہراتاجائے۔ بہر حال، اپنے دوست کےاصرار پر بہت ہی بے دلی کے ساتھ وہ ایسے تیسےیہ جملہ دہرانے لگا۔ چاہے جتنا بھی برا ہو اور چاہے جتنا بھی درد ہو میں اس کو کرکے رہونگا!

 

بولویار! ٹھیک سے بولو  اور پوری طاقت سے بولو۔ تم ہی ہو نا جو ہمیشہ اولمپکس میں جیتنے کے بارے میں ہمیشہ مجھ سے باتیں کیا کرتے تھے۔ تم اولمپکس کے چمپین ہو، بول رہے ہو یا نہیں جو میں کہہ رہا ہوں! گریگ نے ڈانٹتے ہوئے کہا

روبین اب سنجیدہ ہوگیا۔ اس نے زور زور سے کہنا شروع کیا: چاہے جتنا بھی برا ہو اور چاہے جتنا بھی درد ہو میں اس کو کرکے رہونگا!

پھربولو! گریگ نے گرجدار آواز میں کہا

آئینہ کے سامنے روبین اسے دہراتا جارہا تھا۔

پھر!  گیریگ

پھر!  گیریگ

جب پانچویں مرتبہ روبین نے دہرایا تو روبین نے اپنے دوست سے کہا۔ کہ گریگ اب مجھے اچھا محسوس ہورہا ہے۔ جب اس نے یہ جملہ دسویں مرتبہ دہرایا اچھل کر دوسری طرف کھڑا ہوگیا۔ اب تک وہ درد سے کراہ رہا تھا اور جھک کر کھڑا تھا، مگر اب سارا درد کافور ہوچکا تھا۔  وہ زور سے زور سے بول رہا تھا۔  چاہے جتنا بھی برا ہو اور چاہے جتنا بھی درد ہو میں اس کو کرکے رہونگا!  پھر وہ آگے بولنے لگا۔ مجھے کوئی پرواہ نہیں چاہے دونوں پیر ٹوٹ جائیں، پھر بھی میں اس گیم کو کھیل کر رہونگا۔  اگر پیر ٹوٹ بھی گئے  تو ہڈیاں پھر جڑ جائیں گی۔ اس کے بعد میں دوبارہ واپس آونگا  اور میں جیت کر دکھاونگا!

آپ کو پتہ ہے کہ اس کے بعد روبین ٹرننگ سنٹر میں واپس گیا۔ ٹرنینگ پوری کی، پھر اولمپکس میں حصہ لیا، اور ایک نہیں تین تین مرتبہ اولمپکس میں شرکت کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ یہی نہیں، بلکہ روبین غونجالیس نے دوسروں کو مشکل حالات میں آگے بڑھنے اور کسی بھی قیمت پر ہمت نہ ہارنے کے لئے کئی کتابیں بھی لکھیں، جن کا ترجمہ دنیا کی دس زبانوں میں ہوچکا ہے اوراب  وہ دنیا کے معروف موٹیوشنل اسپیکر میں شمار کئے جاتے ہیں۔

سچ ہے:

ارادے جن کے پختہ ہوں نظر جن کی خدا پر ہو

طلاطم خیز موجوں سے وہ گھبرایا نہیں کرتے

اگر آپ بھی اپنے مشن او ر خواب کی تکمیل میں مشکلات، پریشانیوں اور رکاوٹوں کا سامنا کررہے ہیں، تو یاد رکھئے کامیابی اتنی آسانی سے نہیں ملا کرتی اس کی قیمت چکانی پڑتی ہے، اگر ارادہ واقعی آپ کاپکا،عزم آہنی  اور ساتھ ہی اپنے خدا پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہوتو یقینا آپ بھی اپنے مشن میں کامیاب ہوکر دکھا سکتے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا