English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکہ کا یوکرین کے لیے مزید 15 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان

share with us

 

07/مئی/2022(فکروخبر/ذرائع)امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے سکیورٹی کی مد میں 15 کروڑ ڈالر کے نئے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر جو بائیڈن نے جمعے کو امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے ذریعے یوکرین کو جنگی اسلحہ اور ریڈارز کے علاوہ دیگر سازوسامان فراہم کیا جائے گا۔‘

صدر بائیڈن نے کانگریس پر بھی زور دیا کہ یوکرین کے لیے مزید 33 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دے۔

امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے مطابق 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکہ اب تک 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی مالیت کے ہتھیار کیئف کو دے چکا ہے جس میں اینٹی ایئر کرافٹ سٹنگر میزائل، ڈرونز اور بھاری اسلحہ شامل ہے۔

صدر جو بائیڈن نے جاری بیان میں کہا کہ ’امریکہ نے یوکرین کو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ تاریخی امداد فراہم کی ہے۔‘

’ہم نے یوکرین کی آزادی کے لیے اگلی صفوں پر لڑنے والوں کو براہ راست اسلحہ اور سامان فراہم کیا ہے جس کی کانگریس نے منظوری دی ہے۔‘

تاہم امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’یوکرین کے لیے منظور شدہ فنڈز ختم ہونے کے قریب ہیں اور یوکرین کی جیت کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی بغیر کسی تعطل کے اسلحہ بھجواتے رہیں۔‘

اتوار کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی ورچوئل اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں صدر بائیڈن کے علاوہ جی سیون ممالک کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں روس کے خلاف مغربی ممالک کی جانب سے فراہم ہونے والی امداد پر غور کیا جائے گا۔

 

 

Urdu News

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا