English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایک برطانوی رکنِ پالیمنٹ صرف  مسلمان ہونے کی وجہ سے وزارت سے برطرف

share with us

23/جنوری/2022(فکروخبر/ذرائع)برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کی ایک رکن پارلیمنٹ نصرت غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا مسلم عقیدہ ’ان کے ساتھی ارکان پارلیمنٹ کے لیے بے چینی کا سبب بنا۔‘

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق نصرت غنی نے یہ بات ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ’دی ٹائمز ‘ کو بتائی جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں وزارت سے کیوں ہٹایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ نصرت غنی کو فروری 2020 میں وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ’انہیں کنزرویٹو پارٹی کے وہپ نے بتایا کہ ان کے مسلمان ہونے کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوا۔‘

دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی کے چیف وہپ مارک سپنسر نے ان الزامات کو ’بے بنیاد اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والے‘ قرار دیا ہے۔

49 سالہ نصرت غنی نے ’دی ٹائمز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت انہوں نے’ خود کو انتہائی کمزور اور تذلیل کا شکار‘ محسوس کیا۔

‘یہ ایسے ہی تھا جیسے کسی نے میرے پیٹ میں گھونسہ مارا ہو۔‘

ان الزامات کے بعد کنزرویٹو پارٹی کے چیف وہپ مارک سپنسر نے ٹوئٹر کے ذریعے جواب دینے کی کوشش کی اور یہ تأثر دیا کہ نصرت غنی جس شخص پر الزام لگا رہی ہیں، وہ وہی ہیں۔

مارک سپنسر نے کہا کہ انہوں نے ’کبھی بھی ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے۔‘

یاد رہے کہ نصرت غنی کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے 2015 میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والی پہلی مسلمان خاتون تھیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر انہوں نے اسلاموفوبیا کے مسئلے کو اجاگر کرنا جاری رکھا تو ان کا ’کیریئر اور ساکھ برباد ہو جائے گی۔‘

نصرت غنی نے یہ بھی بتایا کہ انہیں کہا گیا تھا کہ وہ پارٹی کے ساتھ ’وفادار‘ نہیں ہیں کیونکہ وہ پارٹی پر اسلاموفوبیا کے الزامات کا دفاع نہیں کر رہی ہیں۔

 

Dawn News Urdu

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا