English   /   Kannada   /   Nawayathi

کلب ہائوس پر بھی مسلم خواتین کی تضحیک ،۳؍ گرفتار

share with us

ممبئی:22جنوری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)سلی ڈیلس اوربلی بائی ایپ کے بعد ممبئی کرائم برانچ کی سائبر سیل نے ایک اور زبردست کارروائی کرتے ہوئے ’کلب ہاؤس‘ ایپ پر مسلم خواتین کی تضحیک کرنے والوں کو بے نقاب کیاہے اور اس معاملے میں ہریانہ سے ۳؍ گرفتاریاں انجام دی ہیں۔ واضح رہے کہ اس ایپ پر بھی مسلم خواتین کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔ ان کے خلاف  فحش اور نازیبا کلمات کا استعمال کیا جارہا تھا۔ ساتھ ہی  ان کی توہین و تضحیک میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی تھی ۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس ایپ پر ،جو ’وائس چیٹ ‘ ایپ ہے، مسلم خواتین کو نشانہ بنانے میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی  سرگرم تھیں ۔ ممبئی پولیس کو سائبر نگرانی کے دوران اس ایپ پر ہونے والی چیٹس کا پتہ چلا جس کے بعد اس نے کارروائی کرتے ہوئے ۳؍ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ 
  پولیس نے کلب ہائوس ایپ پر مسلم خواتین کی توہین کرنے اور ان کی تصویروں کو عریاںتصویروں کے ساتھ جوڑکر ان پر بھدے تبصرہ کرنے کے جرم میں  فرید آباد اور اندرون ہریانہ سے ۳؍ ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔   ممبئی سائبر پولیس نےبتایا کہ مذکورہ بالا کلب ہاؤس نامی ایپ کو جیمنی ، ٹویٹر اور  انسٹا گرام پر لوٹس واچ نامی اکاؤنٹ سے لنک کرکے اس میں حصہ لینے والے مرد اور عورت سبھی مسلم خواتین پر توہین آمیز بھدے تبصرہ ہی نہیں کررہے تھے  بلکہ ان کی بولی بھی  لگارہے تھے   اور ان کی تصاویر کے ساتھ غیر اخلاقی حرکتیں کی جارہی تھیں۔مذکورہ بالا ایپ کا استعمال کرنے کے لئے ’ کیرا ایکس ڈی ‘نامی آئی ڈی کا استعمال کیاجاتا تھا ۔ ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر (کرائم ) ملند بھارمبے  نے اس بارے میں بتایا کہ مذکورہ ایپ  میں  اس آئی ڈی کو چلانے والے ۳؍  ملزمین میں سے دو کو فرید آباد سے اور ایک کو  اندرون ہریانہ سے گرفتار کیا گیا ہے ۔گرفتار کئے جانے والے ملزمین میں آکاش سویال ہی ’کیرا ایکس ڈی ‘آئی ڈی کا استعمال کررہا تھا ۔ اس کی عمر صرف ۱۹؍ سال ہے جبکہ دیگر ۲؍ ملزمین جیشنو ککڑ (۲۹) اور یش کمار عر ف یش پراشر (۲۲)  ہیں۔ ان تینوں میں سے  ایک ملزم کو عدالت میں پیش کرکے ۳؍ دنوں کی پولیس تحویل حاصل کرلی گئی ہے جبکہ دو ملزمین کو ٹرانزٹ ریمانڈ  پر ممبئی لایا جارہا ہے ۔ 
 جوائنٹ کمشنر ملند بھارمبے  کے مطابق  جس وقت ممبئی پولیس نے کارروائی کی اس وقت بھی  ایپ پر ایک مسلم خاتون کی بولی لگائی جارہی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ کلب ہائوس پر سلی ڈیلس اور بلی بائی ایپ کی طرح ہی کئی ماہ سے مسلم خواتین کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔ اس بات کا پتہ چلتے ہی ۱۶؍ جنوری کو سائبر سیل نےانسٹا گرام اور ٹویٹر کے علاوہ دیگر ایپ پر لنک کئے گئے کلب ہاؤس ایپ کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی  شروع کی  اور  جمعرات کو دیر رات  ہریانہ سے ۳؍ ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔جوائنٹ کمشنر کے مطابق ان میں سے ۲؍ ملزمین کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر ممبئی لانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ایک ملزم کو ممبئی کی عدالت میں پیش کرکے ۳؍ دنو ںکی پولیس تحویل بھی حاصل کر لی گئی ہے ۔اطلاع کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین میں یش پراشر نامی ملزم قانون(لاء) کا طالب علم ہے ۔ 
   شیو سینا کی ایم پی پرینکا چترویدی جنہوں نے سلی ڈیلس اور بلی بائی کا معاملہ زور و شور سے اٹھایا تھا ، نے ممبئی کی سائبر پولیس کی کارروائی کی  ستائش کی اور ٹویٹر پر لکھا کہ ’’ ممبئی پولیس کی اس کارروائی کو بھی سلام ،اس نے ملک میں نفرت پھیلانے والوں کو لگام دینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ‘‘ پرینکا چترویدی نے ساتھ ہی کلب ہائوس کا ہیش ٹیگ بھی جاری کیا۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا