English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا :کویت میں تمام اداروں میں ملازمین کی تعداد نصف کرنے کی ہدایت جاری

share with us

22/جنوری/2022(فکروخبر/ذرائع)کویتی حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث حفاظتی تدابیر سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق تمام سرکاری و نجی اداروں میں ملازمین کی تعداد نصف کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

کویتی کابینہ نے اپنے حالیہ اجلاس میں کہا ہے کہ ’تمام سرکاری دفاتر میں ڈیوٹی پر موجود ملازمین کی تعداد کل تعداد کے 50 فیصد ہوگی‘۔

’ہر ادارہ اپنی سہولت کو مد نظر رکھ کر ملازمین کے اوقات کار متعین کرے گا جس میں کسی بھی وقت ملازمین کی کل تعداد 50 فیصد سے زیادہ نہ ہو‘۔

کابینہ نے کہا ہے کہ ’فیصلے پر عملدر آمد بدھ 12 جنوری سے ہوگا اور اس پر تاحکم ثانی عمل کیا جاتا رہے گا‘۔

کابینہ نے نجی شعبے کو بھی ہدایت کی ہے کہ ’اپنی سہولت اور کام کی نوعیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود ملازمین کی تعداد کو آدھا یا کم سے کم رکھا جائے‘۔

اسی طرح سکولوں اور نرسری ہوم کو ہدایت کی گئی ہے کہ ’سکولوں اور نرسری ہوم کے تمام ملازمین کے لیے لازم ہے کہ وہ کورونا ویکسین کی تمام خوراکیں مکمل کرلیں‘۔

’سکولوں اور نرسری ہوم میں سماجی فاصلہ، ماسک اور سینیٹائزنگ کا خصوصی خیال رکھا جائے‘۔

کابینہ نے کہا ہے کہ ’تمام سرکاری و نجی دفاتر میں کانفرنس اور اجتماعات آن لائن ہوں گے‘۔

کابینہ نے پبلک ٹرانسپورٹ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ’پبلک ٹرانسپورٹ میں گنجائش کے اعتبار سے صرف 50 فیصد سواریوں کو بٹھایا جائے گا‘۔

کابینہ نے کھیل کے میدانوں میں آنے والے شائقین پر زور دیا کہ انہیں کورونا ویکسین کی تمام خوراکیں مکمل کرنی چاہئیں۔

دوسری طرف کویتی حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے کہا ہے کہ ’حکومت نے حفاظتی تدابیر سخت کرنے کا فیصلہ عوام کی سلامتی کے لیے کیا ہے‘۔

انہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ ’ملک میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کے علاوہ پروازوں کی معطلی کا کوئی ارادہ نہیں‘۔

’اس حوالے سے سوشل میڈیا میں جو کچھ کہا جا رہا ہے، یہ محض افواہ ہے جس میں کوئی صداقت نہیں‘۔

واضح رہے کہ کویت میں کل پیر کو کورونا کے 3683 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایک مریض ہلاک ہوا ہے۔

 

 

Urdu News

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا