English   /   Kannada   /   Nawayathi

ناگالینڈ :دیہاتیوں کو باغی سمجھ کر سیکیورٹی فورسز نے کردی فائرنگ ، ۱۳ عام شہریوں کی موت ، حالات کشیدہ

share with us

کوہیما:05 دسمبر(فکروخبر/ذرائع)ناگالینڈ میں ہفتہ پر تشدد جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد علاقہ کی صورت حال کشیدہ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مون ضلع کے اوٹنگ گاؤں میں پیش آیا جہاں متاثرہ دیہاتی پک اپ ٹرک کے ذریعے گھر لوٹ رہے تھے۔ واقعہ کے بارے میں اس وقت اطلاع موصول ہوئی جب دیہاتی وقت پر اپنے گھر نہیں پہنچ پائے۔

بڑی تعداد میں لاشوں کو دیکھ کر دیہاتی مشتعل ہو گئے اور سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ واقعہ میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں 13 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے تیرو-اوٹنگ روڈ پر گھات لگائی ہوئی تھی لیکن مبینہ طور پر شناخت کی غلطی کی وجہ سے دیہاتیوں کو باغی سمجھ لیا گیا۔ دراصل ان پٹ میں جس رنگ کی گاڑی کے بارے میں بتایا گیا تاھ ایس رنگ کی گاڑی وہاں سے گزری۔ جوانوں نے گاڑی کو روکنے کے لئے کہا لیکن اسے نہیں روکا گیا۔ اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے فائرنگ شروع کر دی۔

وزیر اعلیٰ نیفیو ریو نے ٹوئٹ کیا، ’’مون کے اوٹنگ میں شہریوں کے قتل کا واقعہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ میں سوگوران سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔ معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ایس آئی ٹی کرے گی اور ملک کے قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی ہوگی۔ میں تمام طبقوں سے امن کی اپیل کرتا ہوں۔‘‘

وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ناگالینڈ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امت شاہ نے ٹوئٹ کیا، ’’ناگالینڈ کے اوٹنگ کے افسوس ناک واقعہ سے مجھے تکلیف پہنچی۔ جن لوگوں نے اپنی جان گنوائی ان کے اہل خانہ میں اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ اعلیٰ سطحی ایس آئی ٹی اس واقعہ کی تحقیقات کرے گی اور رنجیدہ اہل خانہ کے لئے انصاف کی فراہمی کو یقین بنائے گی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا