English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل ا سلامیات کے امتحانات میں ایک لاکھ طلباء کی شرکت

share with us

اکیڈمی کے زیر اہتمام اسکولوں وکالجس کے طلباء کے لئے گذشتہ تیرہ سال سے جاری یہ سلسلہ الحمدللہ اب پورے ملک میں پھیل چکاہے اور بیرون ملک میں بھی امتحانات کے سینٹر قائم ہوچکے ہیں، گذشتہ سال اس میں شریک طلباء کی تعداد85500(پچاسی ہزار پانچ سو)تھی ،اس میں امسال الحمدللہ پندرہ ہزار سے زائد طلباء کا اضافہ ہوا ہے ،پچھلے بارہ سالوں میں ان امتحانات میں شریک طلباء کی کل تعداد الحمدللہ 588778 (پانچ لاکھ اٹھاسی ہزار سات سو اٹہتر)ہو چکی ہے ،اکیڈمی کے بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی بھٹکلی کے مطابق سال بہ سال طلباء کی تعداد میں بے پناہ اضافہ محض اللہ کے فضل وکرم اور اسلامی تعلیمات کی طرف طلباء وسرپرستوں کی رغبت ودلچسپی کا نتیجہ ہے ، یادرہے کہ ان امتحانات میں شریک ہر چالیس طلباء کے گروپ میں اول دوم سوم آنے والوں کو گولڈ میڈل وسلور میڈل اور سر ٹیفکیٹ سے نوازا جاتاہے جس سے ترغیب پاکر ہر سال اس میں شریک ہونے والے غیر مسلم طلباء کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہاہے اور حیرت کی بات ہے کہ ملک کے بعض اسکولوں میں گولڈ میڈل غیر مسلم طلباء وطالبات حاصل کررہے ہیں،ملک گیر سطح پر اسلامیات کے ان امتحانات مین سب سے نمایاں کامیا ب طالب علم کو آٹھ گرام سونے کی گنی منیری ایوارڈ کی شکل میں دی جاتی ہے،2008 میں منعقدہ اسلامیات کے ان امتحانات میں آٹھ گرام سونے کا یہ ایوارڈ انجمن کالج کی ایک غیر مسلم طالبہ بھارتی نے حاصل کیا تھا ،اسلامیات کی ان کتابوں میں بیک وقت دس مضامین قرآن ،حدیث ،فقہ ،سیرت ،عقائد اسلامی تاریخ واخلاقیات وغیرہ کا احاطہ کیا گیا ہے،اسلامیات کی یہ کتابیں الحمد للہ پورے ملک کے پندرہ سو سے زائد اسکولوں میں داخل نصاب ہیں جس میں پڑھنے والے طلباء کی تعدادساڑھے تین لاکھ سے زائد ہے،اس کے علاوہ یہ کتابیں تھائی لینڈ ،سنگاپور ،ملیشیا وغیرہ میں بھی داخل نصاب ہیں،اسلامیات کے امتحانات میں ہر مضمون کا تحریری وتقریری امتحان لیا جاتاہے، امسال ملک کے ان ایک لاکھ سے زائد طلباء میں سے امتیازی نمبرات سے کامیاب طلباء میں انشا ء اللہ دس ہزار سے زائدگولڈوسلور میڈل تقسیم کئے جائینگے،طلباء کے ساتھ ان کے اساتذہ کی اسلامی بنیادوں پر ذہنی وفکری تربیت کے لئے بھی گذشتہ سال سے ڈپلومہ ان اسلامک اسٹڈیزکا تین سالہ کورس شروع کیا گیا ہے جس میں الحمدللہ پہلے ہی سال ملک کے کئی سینٹروں میں متعدد اساتذہ نے حصہ لیا ہے ،ضرورت اس بات کی ہے مسلمانوں کے ماتحت چلنے والے ہر اسکول وکالج میں یہ نصاب اور امتحانات کا یہ سلسلہ جاری ہو تاکہ نئی نسل عصری علوم میں مہارت کے ساتھ اسلام وایمان کی مبادیات سے واقف ہوجائے اور اسلام پر ان کا اعتماد بحال رہے ۔ 
اس وقت پورے عالم کے ناگفتہ بہ حالات خاص طور پر ہمارے ملک کے ایمان سوز اورحیا سوز ماحول میں ایک مسلمان کی سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ ہر مسلمان اپنے ایمان واعمال کی حفاظت کے ساتھ اس بات کی فکر کرے کہ آئندہ آنے والی ہماری نسلیں ایمان اور اسلام پر باقی ر ہے اور ہر مسلمان انبیاء ؑ کی اپنی اولاد سے کی گئی وصیت ولا تموتن الا وانتم مسلمون کومستحضررکھے اور موت سے پہلے انہیں اس بات کا اطمینان ہو کہ میرے بعد میری نسل دین پر باقی رہے،اسی مقصد کے تحت الحمدللہ ۲۱/جون ۲۰۰۱ ؁ء حضرت مولانا سید محمد رابع صاحب حسنی ندوی کے دست مبارک سے بھٹکل میں مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کا افتتاح عمل میں آیاتھا جس کے بنیادی مقاصد میں سے ایک اہم مقصد نئی نسل کو اسلام پر باقی رکھنے کی فکر کرنا تھا جس کے لئے عصری اسکولوں وکالجس میں پڑھنے والے طلباء وطالبات کے مابین اسلامیات کے امتحانات کا سلسلہ شروع کیا گیاتھا ، اس کی ابتداء 2002 ؁ء میں مقامی طور پرصرف 350 طلباء سے ہوئی تھیاب یہ تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اوراس وقت سے الحمدللہ برابر یہ سلسلہ جاری ہے۔

(رپورٹ :رحمت اللہ رکن الدین ندوی) 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا