English   /   Kannada   /   Nawayathi

سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ”نبی رحمتؐ ٹویٹر ٹرینڈ“ کامیابی سے ہمکنار!

share with us


عاشقان رسول ﷺ نے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سیرت کے پیغام کو عام کیا: مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی



نئی دہلی، 20/ اکتوبر (پریس ریلیز): حضورﷺ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ کو عام کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے 11 /ربیع الاول مطابق 18/ اکتوبر 2021ء بروز پیر شام سات بجے ”نبی رحمتؐ ٹویٹر ٹرینڈ“ چلایا گیا۔ اس مہم میں مسلمانان ہند نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا ثبوت دیتے ہوئے شروع ہوتے ہی اسے دوسرے نمبر پر پہونچادیا اور واضح طور پر یہ پیغام دیا کہ حضورﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے تھے، آپ ؐنے انسانوں کو انسانیت کا درس دیا، اور ظلم وستم کا خاتمہ کر کے عدل و انصاف کا نظام قائم فرمایا۔ آپ ؐ کی زندگی کا ہر حصہ لائق تقلید ہے، جسے اپنانے اور دوسروں تک پہونچانے کی ضرورت ہے۔اس ٹویٹر ٹرینڈ میں ہزاروں افراد نے حصہ لیا اور ایک لاکھ پچپن ہزار سے زائڈ ٹویٹ کیے گئے، خاص طور پر ملک کی مؤقر شخصیات حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی، حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری،حضرت مولانا محمود دریابادی، اسد الدین اویسی، ڈاکٹر اسماء زہرا، مفتی یاسر ندیم الواجدی، مفتی اسماعیل قاسمی، مولانا مہدی حسن عینی، مولانا عبد المالک مغیثی، مولانا نازش ہما قاسمی، مولانا حنیف احرار قاسمی، امتیاز جلیل، خالدہ پروین، آئی اے ایس محمد محسن، سلمان احمد، سید اظہر الدین، رضا خان، نرگس بانو، ولی رحمانی کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند اور ایس آئی او جیسی تنظیموں نے بھی حصہ لیا، انکے علاوہ بھی مختلف اداروں اور شخصیات نے اس سلسلے میں تعاون کیا اور گرانقدر ٹویٹس کیے۔ اس موقع پر بورڈ کے سیکریٹری اور سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے تمام شرکائے ٹرینڈ کا شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ حضورؐ کو اللہ تعالیٰ نے دونوں جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا۔ حضورؐ کی حیات طیبہ کے کسی بھی پہلو پر نظر ڈالیں اس میں خیر ہی خیر اور رحمت ہی رحمت نظر آئے گی۔ حضرت محمدﷺ کی رحمت و شفقت کسی خاص طبقے کے لئے مخصوص نہیں بلکہ کائنات کی ہر چیز آپؐ کی رحمت سے فیضیاب ہورہی ہے۔ عالمِ انسانیت، عالم جنات، عالم نباتات، عالم حیوانات، عالم جمادات الغرض ہر عالم جو ہمارے علم میں ہے اور جو ہمارے علم میں نہیں ہے، رحمت دوعالمﷺ کی رحمت کاملہ سے مستفیض ہورہا ہے۔ مولانا رحمانی نے فرمایا کہ آپؐ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور پورے عالم کیلئے رحمت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انقلاب کے بانی اور نسلِ انسانی کے نجات دہندہ ہیں۔ دنیا آج بھی نبی رحمۃ اللعالمین کے عظیم اسوہ کی محتاج ہے اور اگر دنیا امن قائم کرنا چاہتی ہے تو اسے بالآخر اسی طرف آنا پڑے گا اور رسول کریمﷺ کے احسن طریق پر عمل کرنا ہوگا- مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ حضورﷺ کے پیغام اور آپکی مبارک تعلیمات کو عام کرنے کی کوشش کریں، یہ انکی بنیادی اور اہم ذمہ داری ہے۔ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے اس بات کی امید ظاہر کی ہیکہ آئندہ بھی اس طرح کے ٹویٹر ٹرینڈ میں برادران اسلام بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور اپنی دینی و ملی ذمہ داری کو پورا کریں گے۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا