English   /   Kannada   /   Nawayathi

رسول اللہ ﷺکی اصلی اور سچی محبت آدمی کوسچااور پکا اہل ایمان بناتی ہے

share with us


          ابونصر فاروق

    رسول اللہﷺ سے محبت کے دعویدار محبت رسول کے نام پرجو کچھ کر رہے ہیں وہ ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔لیکن جو مسلم اورغیر مسلم لوگ رسول اللہﷺ کی حقیقی حیات پاک کو جانتے ہیں اور اسلام کا بھی معقول علم رکھتے ہیں وہ حیرت میں ہیں کہ وہ رسول جو بت پرستی کو مٹانے آئے تھے،  اُ س کے ماننے والے یہ کیسے لوگ ہیں جنہوں نے بت پرستوں کی طرح بزرگان دین کو دیوتاؤں کا مقام دے رکھا ہے اور نبی ﷺ کو مہادیو بنائے بیٹھے ہیں۔یعنی ہر دیوی دیوتا کا پجاری مہادیو کی پوجا ضرور کرتا ہے۔اور وہ اسلام جو دلوں کو جوڑنے کے لئے آیا ہے اُس کو ملت کے اندر تفرقہ اور پھوٹ پیدا کرنے اور پروان چڑھانے کے لئے اپنے الگ الگ فرقے بنا کر باطل طاقتوں کے مقابلے میں حق پسندوں کو کمزور اور بے یار و مددگار بنا رہے ہیں۔
اصلی اور سچی محبت رسولﷺ کیا ہے اُس کی ایک جھلک ملاحظہ فرمائیے:
    فرمان رسولﷺ کی پیروی ہی اصل محبت ہے:ہم نے تمہارے درمیان خود تم میں سے ایک رسول ﷺ بھیجا،جو تمھیں ہماری آیات سناتا ہے،تمہاری زندگیوں کو سنوارتا ہے،تمھیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دیتا ہے،اور تمہیں وہ باتیں سکھاتا ہے جو تم نہیں جانتے تھے۔(البقرہ: ۱۵۱) اے نبی ﷺ! لوگوں سے کہہ دو کہ،اگر تم حقیقت میں اللہ سے محبت رکھتے ہو،تو میری پیروی اختیار کرو،اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہاری خطاؤں سے درگذر فر مائے گا۔وہ بڑا معاف کرنے والا اور رحیم ہے۔ (آل عمران: ۱۳)جس نے رسول ﷺکی اطاعت کی اُس نے دراصل خدا کی اطاعت کی۔(النساء : ۰۸)نبی ﷺ نے جو تعلیم دی ہے پہلے اُن کو جاننا اور پھر دل و جان سے اُن کی پیروی کرنا ہی اصل اسلام ہے۔ اسی عمل سے رسولﷺ بھی خوش ہوں گے اور خدا بھی خوش ہوگا۔اور خدا خودخوش ہوگا تودنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی اور خوش حالی نصیب ہوگی۔اور اگر خدا ناراض ہو گیا تو خدا سے بھاگنابھی ناممکن ہوگا اور تباہی و بربادی بھی مقدر ہو جائے گی۔
    اعلیٰ اخلاق مندہونا ہی ایمان کامل کی دلیل ہے:حضرت ابو ہریرہ ؓ روایت کرتے ہیں رسول اللہ ﷺنے فرمایا: تم میں کامل ایمان والے وہ لوگ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہیں اور تم میں بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنی بیویوں کے ساتھ بہت اچھا سلوک کرتے ہیں۔(ترمذی،ابو داؤد،دارمی)اخلاق خُلق کی جمع ہے۔ خُلق کا معنی عادت ہوتا ہے۔جس انسان کی ساری عادتیں اچھی اور تعریف کے قابل ہیں وہ مکمل ایمان والا مسلمان ہے۔لیکن آج کے بے علم اوردین و شریعت سے غافل مسلمانوں کی کوئی عادت تعریف کے قابل نہیں ہے۔
     نبیﷺ کی پسندیدہ چیزاخلاق ہے:حضرت عبد اللہؓ ابن عمر ؓروایت کرتے ہیں رسول اللہﷺنے فرمایا:میرے نزدیک تمہاری سب سے پسندیدہ چیز تمہارا اخلاق ہے۔(بخاری)جس مسلمان کا اخلاق اچھا نہیں ہے وہ نبیﷺ کے نزدیک پسندیدہ نہیں ہے، اور جو نبیﷺ کا پسندیدہ نہیں ہے وہ اُن کی شفاعت کا حقدار کیسے ہوگا ؟
    اخلاق کا وزن میزان میں سب سے زیادہ ہوگا:حضرت ابو درداء ؓروایت کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مومن کی سب سے بھاری چیز جو میزان میں قیامت کے دن رکھی جائے گی وہ حسن اخلاق ہے اور اللہ تعالیٰ فحش کلامی کرنے والے بد اخلاق انسان سے ناراض ہوتا ہے۔(ترمذی)سب جانتے ہیں کہ حشر میں انسان کے اعمال تولے جائیں گے، جس کا نیکی کا پلہ بھاری ہوگا وہ جنت میں جائے گا۔بتایا جارہا ہے کہ ایمانی اخلاق کا وزن میززن پر سب سے بھاری ہوگا۔جو مسلمان بد اخلاق ہے کیا وہ جنت میں جا سکے گا ؟

مضمون نگار کی رائے سے ادارہ کا متفق ہوناضروری نہیں ہے 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا