English   /   Kannada   /   Nawayathi

معروضات بموقع اجتماع علماء شہر سورت

share with us

از محمد طاہر سورتی

قائدین قوم سے چند طالبانہ و مؤدبانہ گذارشات

۲۹ صفر   7      1443 ا کتوبر 2021

شب پنج شنبہ

مقام: چوڑگر مسجد ، سوداگر واڑہ، سورت۔

آج سے ہمیں چند کام منظم طریقے سے اجتماعی طور پر کرنے ہیں ان شاء اللہ۔

ایک مرتبہ بھٹکل کا سفر کر کے وہاں کے علماء مختلف شعبوں میں دین کا جو مؤثر مقبول اور انتہائی ضروری کام کر رہے ہیں ان کو خود جا کر دیکھ لیجئے، تاکہ اس کے مطابق ہم یہاں کام کر سکیں۔

ہفتے میں کم از کم ایک مرتبہ اپنے قریبی اور بے تکلف علماء کے ساتھ مل کر تاریخ اسلام کا اجتماعی مطالعہ کریں۔اس کے لئے ایسے مواد کا انتخاب کیا جائے جس میں مسلمانوں کے عروج و زوال کی مستند تاریخ کی روشنی میں عصر حاضر کے خواص و عوام کی ذمے داریاں کسی لاگ لپیٹ کے بغیر بتائی گئی ہوں.مثلا:

انسانی دنیا پر مسلمانوں کے عروج و زوال کا اثر اورتاریخ دعوت و عزیمت

 

اب نمبر وار چند معروضات:

1۔جس مکتب مدرسے یا مسجد سے ہمارا تعلق ہے اس میں ہم سے منسلک طلبہ و مصلیان سے ہم مکمل مربوط ہوں۔وہ ہم سے مانوس ہوں۔لیکن ان سے قطعا کوئی حرص طمع تو کجا اشراف نفس بھی پیدا نہ ہونے پائے۔

ان کے تربیتی و تعلیمی پہلو پر ہماری گہری اور باریک نظر رہے۔

2۔فجر کی نماز میں خصوصا اور دیگر نمازوں میں عموما ؛ ہماری مسجد میں صد فی صد نمازی  ہوں، اس کے لئے تبلیغی احباب یا سلیم الطبع جوانوں کے ساتھ مل کر اپنی اپنی بستی اور محلے کے ماحول کو مد نظر رکھتے ہوئے کوئی قابل عمل لائحہ فوری طور پر تیار کریں۔

3۔ربیع الاول کا مہینہ آ رہا ہے، اس میں کم از کم ایک پروگرام سیرت کے عنوان سے کریں۔

اور اس کی روشنی میں اپنی پوری زندگی کو ڈھالنے کا سب کو شوق دلائیں۔

4۔ہمارے قرب و جوار میں کون قرآن پڑھنا نہیں جانتا، اس کاباقاعدہ سروے کر کے ان کی تعلیم قرآن  ودینیات کی آسان ترین ترتیب بنائیں۔

5۔ہم سے متعلقہ لوگوں میں بیوگان،معذورین یتامی مساکین و دیگر حاجت مندوں کی حاجت برآری کی شکلیں سوچیں، اس کے لئے تجارت و ملازمت پیشہ سنجیدہ سلجھے ہوئے حضرات کو ساتھ رکھیں۔

" لوک سیوا ٹرسٹ " نیز  "خدمت خلق " کے ساتھیوں سے مل کر اس کے طرز پر اپنے علاقوں میں کام کا آغاز کریں۔

6۔کسی سے اپنا باقاعدہ اصلاحی تعلق ضرور قائم کریں۔انہیں وقتا فوقتا اپنے احوال و کار گزاری بتاتے رہیں۔

7۔اپنے اوقات کو فارغ کر کے ان میں معمولات ( تہجد ؛ مختصر ہی سہی ،مفصل ہو تو کیا کہنے، تلاوت ، تسبیحات ، دعا ، مراقبہ ، چہل درود الحزب الاعظم /مناجات مقبول وغیرہ ) بلا ناغہ ادا کریں۔

8۔جمعہ سے قبل یا بعد  کسی نہ کسی مسجد میں مختصر اور عام فہم بیان ضرور کریں ، موضوع اور مضمون با ہمی مشورے سے طے کریں۔بیان پوری تیاری، انشراح اور دعا کے بعد ہی کریں۔

9۔جو نوجوان اہل اللہ ، تبلیغ ، مدرسہ یا مکتب سے وابستہ نہیں ہیں ؛ نیز جو بے راہ روی ، تضییع اوقات ، صحبت بد یا عادات بد کا شکار ہو چکے ہیں ، ان سے دوستی کرکے بہت نرمی اور شفقت کے ساتھ ان کی تربیت کی ترتیب بنائیں۔

اپنے اپنے علاقے کے بچوں کی ذہنی سطح اور ان کی نفسیات کو سامنے رکھ کر ان کے لئے لائبریری قائم کیجئے۔جس میں ایسا جائز لٹریچر ہو جو دل چسپ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو بہتر انسان اور روشن کردار بنانے میں اہم رول ادا کر سکے۔

اس کے لئے بھٹکل کا ادارہ ادب اطفال ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔

10۔ہفتہ واری درس قرآن شروع کیجئے۔کوئی مسجد اس سے خالی نہیں رہنی چاہئے۔جن مساجد میں پہلے سے جاری ہے، ان کی طرف زیادہ سے زیادہ لوگوں کو متوجہ کریں۔

یہ درس مختصر اور عام فہم ہو۔اس کا دن اور وقت مقامی احباب کے مشورے سے ایسا طے کریں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شریک ہو سکیں۔

11۔خواتین کی دینی تعلیم و تربیت کے لئے بھٹکل کے طرز پر شادی شدہ ، نیز کالج اسکول و غیرہ کی طالبات کے لئے کلاسز شروع کریں ، جس میں ان کے لئے تحفیظ قرآن ، تعلیم مسائل ، آداب معاشرت اور ما بعد النکاح سے متعلق ضروری جامع  اور مستند دینی معلومات کا معقول و مستحکم نظم ہو۔

اس کے لئے معہد حسن البناء الشہید بھٹکل بہترین نمونہ ہے۔

12۔ہر محلے میں ( بھٹکل کے طرز پر ) ادارہ ادب اطفال بھی ہو۔یہ ہمارے نو نہالوں کو دینی سانچے میں ڈھالنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔

13 ۔" فکر و خبر " ( بھٹکل کے نہج پر ) ہمارا اپنا کوئی میڈیا پلیٹ فارم بھی ضرورہو۔

14۔ملکی پیمانے پر جو ناگفتہ بہ واقعات خاص طور سے ہماری خواتین کے ساتھ پیش آ رہے ہیں ، ان کی روک تھام کے لئے خدا را کچھ سوچئے، کچھ کیجئے۔

یقینا ہم ما لا یطاق کے مکلف نہیں ہیں۔لیکن کیا جتنا ہمارے بس میں ہے اتنا ہم نے کر لیا؟ اس پر ہم میں سے ہر ایک پوری ایمان داری کے ساتھ اپنا اپنا مکمل محاسبہ کرے۔

15۔جامعات اسلامیہ و مکاتب قرآنیہ کے ذمے داران اپنے یہاں کے تربیتی پہلو پر یک سوئی سے غور و فکر کر کے حسب ضرورت اس کا آغاز یا اضافہ کریں۔

مکاتب و جامعات میں کم از کم ہفتہ واری مجالس وعظ و نصیحت بغرض تربیت طلبہ و طالبات جاری کی جائیں۔وضو و نماز کی عملی مشق ہر جگہ ہر ادارے میں ضرور ہو۔

16۔اپنے اوقات کو بالکل ضائع نہ کریں۔لا یعنی ، مجلس بازی اور ہر اس کام سے - جو ہمارے منصب و وقار سے متصادم ہو - نیز حقوق العباد میں ہر نوع کی غفلت و تقصیر سے خود کو بہت دور رکھیں۔

17۔خدا نخواستہ کوئی گناہ ہو جائے تو توبۂ نصوح میں قطعا تاخیر نہ کریں۔اپنے تعلق مع اللہ کو روزانہ بڑھائیے۔اس کا مختصر راستہ فرائض کا اہتمام ، معمولات کی پابندی اور گناہوں سےمکمل احتراز ( بصورت دیگر فوری توبہ ) ہے۔

اللہ تعالی ہم سب کو عمل کی توفیق دے۔آمین۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا