English   /   Kannada   /   Nawayathi

کرناٹک میں انسداد تبدیلی مذہب قانون لانے کا منصوبہ

share with us

بنگلورو۔  22 ستمبر 2021 (فکروخبر/ذرائع)کر ناٹک کی بی جے پی حکومت اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ریاست میں بھی تبدیلی مذہب کوروکنے کے لئے ایک قانون لانے پرغور کر رہی ہے۔ یہ بات وزیر داخلہ ارگا گیانیندرا نے ریاستی اسمبلی میں صفر سماعت کے دوران کہی - بی جے پی رکن اسمبلی گولی ہٹی چندرشیکھر نے ان کے ضلع اورحلقہ میں عیسائی مشنریوں کی طرف سے تبدیلی مذہب کی مہم چلائے جانے کی شکایت کی اور کہا کہ جبرا یالالچ دے کر لوگوں کے مذہب بدلے جا رہے ہیں، اس کو روکنے کے لئے فوری طور پر قدم اٹھانے کا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تو اس کے جواب میں ارکا گیانیندرا نے اعلان کیا کہ کرناٹک میں انسداد تبدیلی مذہب  قانون لا یا جائے گا۔ گولی ہٹی نےکہا کہ خود ان کا خاندان تبدیلی مذہب کا شکار ہو چکا ہے اور ان کی ماں  کے مذہب کو بدل دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے خاندان میں انتشار پھیلا ہوا ہے۔ گولی نے دعوی کیا کہ چتردرگہ ضلع میں 20 ہزار سے زیادہ لوگوں کا مذہب بدل دیا گیا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ تبدیل مذہب کے لئے راضی نہیں ہوتے ان پر جبر کیا جا رہا ہے اور ان کو ہراساں کرنے کے لئے ان پر عصمت دری کے فرضی کیس درج کروانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس مرحلہ میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست یا ملک میں کہیں بھی جبرا مذہب  بدلنے کی اجازت کسی کو نہیں ہے ۔ اسی طرح لالچ دے کر مذہب بدلنے کی بھی قانون میں گنجائش نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے تمام اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنوں کو ہدایت دی ہے کہ جبر یا لالچ دے کر مذہب بدلنے کی کوششوں کو روکنے کے لئے ضروری قدم اٹھائے جائیں۔ وزیر داخلہ نےکہا کہ لوگوں کے بھولے پن یا دیگر مواقع کا استعمال کرتے ہوئے اگر ان کے مذہب کو بدلنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور تنظیموں کوبخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جبرا مذہب بدلنے کی کوششوں سے امن و امان میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہے، اس لئے حکومت اس کا موقع فراہم کرنانہیں چاہتی ۔ حکومت تبدیلی مذہب کو روکنے کے لئے مناسب قانون لانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ لالچ دے کر لوگوں کو مذہب بدلنے پر آمادہ کرنے کے لئے ریاست میں ایک منظم نیٹ ورک کام کر رہا ہے اور حکومت اس سے بخوبی واقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں جبرا مذہب بد لے جانے کو روکنے کا قانون بنا ہے، اس کا ریاستی حکومت جائزہ لےرہی ہے۔ موجودہ قوانین کے تحت اگر ممکن ہو سکا تو اس کو روکا جائے گا یا ایک نیا قانون لایا جائے گا۔ اس مرحلہ میں جے ڈی ایس رکن دیو آنند نے کہا کہ بیجاپورضلع میں بھی بڑے پیمانےپر مذہب بدلنے کی سرگرمی جاری ہے۔ بنجارا قبیلوں کے لوگوں کو چن چن کر عیسائی بنایا جارہا ہے ۔ اس مرحلہ میں تمام گرجا گھروں کو تبدیلی مذہب کا مرتکب قرار دینے بی جے پی رکن اسمبلی گولی ہٹی شیکھر کی کوشش پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کانگر یس کے ممبر کے جے جارج نے کہا کہ تمام گرجا گھروں پر الزام لگانا درست نہیں ۔ جو جبر یا لالچ دے کر مذہب بدل رہے ہیں، ان کی نشاندہی کر کے کارروائی کرنے پر کسی کو اعتراض نہیں کسی ایک چرچ کی غلطی کے لئے تمام پر کیچڑ اچھالنا درست نہیں۔ وزیر داخلہ اور اسمبلی اسپیکر وشویشور پیگڑے کا گیری نے اس سے اتفاق کیا۔

(بشکریہ سالار)

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا