English   /   Kannada   /   Nawayathi

مشفق اساتذہ کی خدمات کو سلام

share with us

(یومِ اساتذہ کی مناسبت سے)

از:  عاقب شہباز ساوڑا ندوی

        انسانی معاشرے میں استاد کا مقام ایک معمار کی طرح ہوتا ہے ، اور کسی انسان کا استاد بننا بہت بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے ، اور تعلیم و تربیت کے فریضہ کو انجام دینا پیغمبرانہ عمل ہے ۔ اور وہ لوگ  کس قدر خوش قسمت ہوتے ہیں جو اس منصب پر فائز ہوتے ہیں اور اپنا فریضہ بڑی  ایمان داری اور مشن سمجھ کر ادا کرتے ہیں۔

 استاد کو ایک باپ کی مانند قرار دیا گیا ہے ۔ کیونکہ ہر طالب علم کے لئے استاد کی ضرورت ہوتی ہے ، اور کسی بھی میدان میں قدم رکھنے اور آگے بڑھنے کے لئے ایک ماہر کی ضرورت ہوتی ہے اور جب تک کسی ماہر کی تربیت نہ ہو تو کسی کا بھی کسی بھی میدان میں کامیاب ہونا ممکن نہیں ، بالکل اسی طرح اچھے استاد کے بغیر علمی میدان میں کسی طالب علم کا آگے بڑھنا ممکن نہیں ہوتا ۔

انسان اپنی پیدائش کے وقت بالکل کورا ہوتا ہے جس کی ابتدائی تریبت ماں باپ کرتے ہیں اور عملی زندگی میں کامیابی و کامرانی کے حصول میں ہمارے اساتذہ اہم رول ادا کرتے ہیں

میرے مشفق و مربی اساتذہ آپ کو دل کی گہرائیوں سے  میرا سلام ۔۔آپ‌کی تربیت ،محنت،لگن اور صحیح  رہنمائی کی بدولت آج میں اس قابل ہوں کہ کچھ  لکھ اور پڑھ سکوں اور اپنے احساسات کی ترجمانی کر سکوں۔یہ آپ ہی  کا فیض ہے کہ مجھے اچھے اور برے کی پہچان اور سمجھ عطا کی  اور یہ آپ ہی کا دیا ہوا ورثہ ہے جو آج میں اس مقام پر ہوں،

آپ نا صرف میرے استاد ہیں بلکہ ایک محسن و مشفق مربی، میرے مرشد اور مشیر،ایک مخلص دوست، اورحقیقی راہنما و رہبر ہیں۔  آپ نے صرف  اپنا علم میرے سینے میں منتقل نہیں کیا اور  ایک جگہ بیٹھ کر انگلی کے اشارے سے راستہ نہیں بتایا بلکہ آپ نے میرا  ہاتھ پکڑ پکڑ کر ہر قدم پر صحیح راستہ دکھایا ہے، آپ نے میری  ذہنی و روحانی تربیت کی ہے، اپنے آپ کو جلا کر مجھے بنایا ہے۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں  اور جس مقام پر ہوں وہ صرف اور صرف آپ کے ان احسانات کی بدولت ہوں۔۔  آپ کے ان احسانات کو میں کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔زندگی کے اس  سفر میں آپ کے سکھائے ہوئے الفاظ میرے لئے روشنی کے مینار ہیں۔ آپ  میری زندگی کے لئے  ایک چراغ کی مانند  ہیں جو تاریک راہوں میں روشنی کے وجود کو برقرار رکھتے ہے۔آپ وہ پھول ہیں جو اپنی خوشبو سے معاشرے کو ، پیار ومحبت  کےپیغام سے معطر رکھتے ہیں،آپ  ایک ایسے رہنما ہیں جوانسان کو زندگی کی گمراہیوں سے نکال کر صحیح منزل کی طرف گامزن کرتے ہیں، جس طرح  ماں باپ اپنی اولاد کی جسمانی صحت و نشونما کا خیال رکھتے ہیں اسی طرح ایک استاد اپنے شاگرد کی روحانی تربیت کا انتظام اور پورا پورا خیال رکھتا ہے۔یقینا آپ بادشاہ تو  نہیں ہوتے لیکن  ہزاروں بادشاہ پیدا کرنے کی صلاحیت اپنے اندر  رکھتے ہیں۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ میرے والدین بھی بڑی عظمت والے ہیں اور میرے استاد بھی۔ لیکن میں تو یہ دیکھتا ہوں کہ میرے ماں باپ میرے دنیا میں آنے کا ذریعہ بنے اور استاد نے بلند پرواز سکھائی ۔ یقینا  آپ اساتذہ کی عزت و احترام سے  ہی ہماری  کامیابی کی ضمانت ہے۔۔ 

مجھے کبھی  موقع نہیں مل سکا کہ آپ کے  ان انمول احسانات کے اظہار کیلئے۔ کچھ کہوں، لیکن جو بھی میں نے کہا ہے اس میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں بلکہ یہ میرے دل کی آوازہے جسکو میں نے تحریری شکل دی ہے۔

 آپ کے ان احسانات کا حق میں کیسے ادا کرسکتا ہوں۔۔ بس دل کی گہرائیوں سے آپ کو جزائے خیر کہتا ہوں اور  دعا کرتا ہوں کہ جو علم آپ نے مجھے پڑھایا ہے  اس کو اللہ تعالیٰ  قبول فرمائے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اورمجھے  علم کے زیور سے آراستہ کرنے میں جو محنت اور کاوشیں آپ نے کی ہیں اور جو تکالیف آپ نے  برداشت کی ہے اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عظیم عطا فرمائےاور  ہر لمحہ ہر گھڑی آپ کی حفاظت فرمائے اور دنیا و آخرت میں آپ کو عزت و سربلندی عطا فرمائے۔۔۔۔ آمین یارب العالمین

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا