English   /   Kannada   /   Nawayathi

دنیا میں بدلتے حالات اور ہم

share with us

                                                                       تحریر :۔ سید احمد ایاد  ہاشم ندوی

دوستو،

حالات بدلے ، مہینوں پہلے دل میں پیدا ہونے والے خیالات نے ایک سفر مکمل کیا۔ کسی کے لیے زندگی کا آخری  وقت آتے آتے رہ گیا ، تو کسی کے لیے یہی لمحات آخری ثابت ہوئے اور وہ ہمیں اپنی حسین یادوں کے ایک گلدستہ کے سہارے چھوڑ گئے۔ کسی کو تجارت میں ہونے والے نقصان نے پریشان کیا، تو کوئی  پردیسی پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے اپنی قسمت آزماتا رہ گیا۔  کتنے خاندانوں میں طےشدہ تقریبات اور گھروں میں منعقد ہونے والی خوشی کی محفلیں قریب  آتے آتے  ملتوی ہوگئیں۔ اسی طرح کتنے بندگانِ خدا  مساجد  کی رونقوں کی بحالی کے لیے دعائیں کرتے رہ گئے۔

ایک مسلمان اور مومن ہونے کی حیثیت سے ہم ناامید نہ ہوں،  ہمارے دلوں میں یاس ونومیدی جنم نہ پائے، اس لیے کہ ہمیں یقین ہے کہ ان شاء اللہ یہ حالات دیرپا نہیں  رہیں گے،  بلکہ یہ صورتِ حال بہت جلد تبدیل ہوگی، حالات  یقینا کروٹ لیں گے۔ خوشیاں پھر سے  لوٹ آئیں  گی اور زندگی اپنے ساتھ نئے تقاضے ،نئے عزائم اور نئے حوصلوں اور امنگوں کو لیے  ایک بار پھر رقص کرنے لگے  گی۔ پروازیں بنا کسی قید وبند  کے اڑان بھرنے لگے گی، حج و عمرہ کے لیے راہیں ہمواور ہوں گی،  اور حرم شریف  میں طواف کرنے والوں  کا جمِ غفیر پھر امنڈ آئے گا۔ ان شاء اللہ وہ وقت عنقریب آئے گا جب  "کووڈ"  کا نام اجنبی بن جائے گا،  " کرونا" قصۂ پارینہ بن چکا ہوگا، اکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریض پریشان نہیں رہیں گے اور رب العالمین کی اجازت سے وہ دن بھی آئیں گے جب کمپنیوں کو ملازموں کی ضرورت ہوگی اور  ضرورت مندوں  کی قسمت کا پھول پھر کھلنے لگے گا اور وہ اپنےخوابوں کو تعبیریں اور عزائم کو جلا بخشنے کے لیے بیرونی ممالک کا سفر کریں گے۔

لیکن وہ وقت کب آئے گا؟؟؟ ۔اس کا علم صرف احکم الحاکمین کو ہے، وہ اپنی حکمت کے مطابق اپنے وقت پر ہی  وہ دن دکھائے گا۔  لہذا تب تک لیے ہمیں صبر سے کام لینے کی ضرورت ہے، اپنے خالق و مالک سے تعلق مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، اسی سے امیدیں لگائے رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے ہم اللہ کے ہر فیصلے پر راضی برضا رہیں، اسی پر ہمارا یقینِ کامل ہو کہ جو کچھ ہوا ہے  وہ اللہ ہی کی  مرضی اور حکم سے ہوا ہے۔ جب روئے زمین  کا ایک پتہ بھی حرکت کے لیے اس کے حکم کا محتاج ہے، وہی حیات وموت کا مالک ہے۔ بس ہم اس کے ہر فیصلے پر خوش رہیں، مسکرائیں  اورخوشیاں بانٹیں ۔ باہم  ایک دوسرے کو  دعائیں دیں۔ اللہ اس بیماری اور وباء کو پوری دنیا سے ختم  فرمائے۔ آمین

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا