English   /   Kannada   /   Nawayathi

سعودی حکام نے جنت کے پتھر حجر اسود اور مقام ابراہیم کی قریب ترین تصاویر کی جاری، جانیے کیا ہے ان نئے جاری کئے گئے تصاویر کی خاصیت

share with us

سعودی حکام نے حجر اسود کی قریب ترین تصویر بنالی۔

سعودی وزارت اطلاعات کے حکام کے مطابق تصویر میں حجر اسود کا 49 ہزار میگاپکسل تک کلوزاپ دکھایا گیا ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ حجر اسود کی اتنی باریک اور شفاف تصویر بنائی گئی ہے۔

حکام سعودی وزارت اطلاعات نے کہا کہ حجر اسود جنت کا پتھر ہے، اس انتہائی خوبصورت تصویر میں 49 ہزار میگاپکسل تک کلوز شاٹ بنایا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنت کتنی خوبصورت ہوگی۔

 

انتہائی باریک بینی سے بنائی گئی اس تصویر میں فوٹوگرافی کی جدید تکنیک فوکس اسٹیک پینورما استعمال کی گئی ہے جس میں کسی بھی شے کی چھوٹی چھوٹی تصاویر کو جوڑ کر بڑی واضح تصویر بنائی جاتی ہے۔ اس تصویر کو کھینچنے میں 7 گھنٹے اور یکجا کرنے میں 50 گھنٹے لگے۔

hijr1

حجر اسود کا مطلب ہے سیاہ پتھر جو خانہ کعبہ کی جنوب مشرقی دیوار میں نصب ہے۔ یہ تین بڑے اور متعدد چھوٹے ٹکڑوں پرمشتمل ہے جو ڈھائی فٹ قطر کے دائرے میں جڑے ہیں۔ ان کے گرد چاندی کا گول خول لگایا ہوا ہے۔ حج یاعمرہ کے وقت مسلمان طواف کرتے ہوئے ہر بار حجراسود کو بوسہ دیتے ہیں۔

hijr3

حضرت ابراہیمؑ اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیلؑ خانہ کعبہ کی تعمیر کر رہے تھے تو حضرت جبرائیلؑ نے حجر اسود جنت سے لا کر دیا تھا جسے حضرت ابراہیم نے کعبے میں نصب کیا تھا۔

جب رسول اللہ کی عمر35 سال تھی تو قریش نے کعبے کی دوبارہ تعمیر کی لیکن حجر اسود رکھنے کے مسئلے پر قبائل میں جھگڑا ہو گیا۔ ہر قبیلے کی یہ خواہش تھی کہ یہ سعادت اسے ہی نصیب ہو۔  یہ طے کیا گیا کہ کل جو پہلا شخص خانہ کعبہ کی جانب آئے گا وہی اس تنازع کا فیصلہ کرے گا۔ سب سے پہلے خاتم النبیین حضور نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تشریف لائے۔

hijr2

رسول اللہ نے جھگڑا ختم کرانے کے لیے حجر اسود کو ایک چادر میں رکھا اور تمام سرداران قبائل سے کہا کہ وہ چادر کے کونے پکڑ کر اٹھائیں اور خانہ کعبہ کے پاس لے کر آئیں۔ سب نے مل کر اٹھایا اور جب چادر کعبے کے پاس پہنچی آپؐ نے اپنے مبارک ہاتھوں سے حجر اسود کو خانہ کعبہ میں نصب کر دیا۔

ترمذی شریف کی روایت ہے ۔ حجر اسود جنت کے یاقوت کا ایک پتھر ہے جس کے نور کو اللہ تعالیٰ نے ختم کرکے دنیا میں اتارا ہے، اگر اس کے نور کو ختم نہ کیا جاتا تو مشرق و مغرب اس کی روشنی سے منور ہوجاتے، جس وقت اس کو اتارا کیا دودھ کی طرح بالکل سفید تھا مگر بنی آدم کی خطاوٴں نے اس کو سیاہ کردیا ہے۔

سعودی حکومت نے حجر اسود کے بعد مقام ابراہیم کی بھی قریب ترین تصاویر جاری کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ادارے رئاسة شؤون الحرمين کی جانب سے جاری کردہ ان تصاویر کو فوٹوگرافی کی جدید ترین تکنیک فوٹو امیجنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے بنایا گیا ہے۔ تصاویر بنانے سے پہلے مقام کی اچھی طرح صفائی کی گئی۔

مقام ابراہیم وہ پتھر ہے جس پر چڑھ کر حضرت ابراہیمؑ نے بیت اللہ کی دیوار تعمیر کی۔ اس پتھر پر ابراھیم علیہ السلام کے پا‎ؤں کے نشانات موجود ہیں جن کی لمبائی اور چوڑائی 50 سینٹی میٹر ہے۔ اس پتھر کو سونے کے سنہرے جنگلے میں محفوظ کیا گیا ہے۔

مقام ابراہیم مسجد حرام کے صحن میں خانہ کعبہ سے 13 میٹر مشرق میں ہے اور اس کا ذکر سورۂ البقرہ میں بھی ہے۔ اس مقام کو مصلے کا درجہ حاصل ہے اور امام کعبہ اسی کے پاس کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھاتے ہیں۔ طواف کے بعد یہاں دو رکعت نفل پڑھنے کا حکم ہے۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا