English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل: بیالیس سالہ تین بچوں کی ماں نے ڈھائی ماہ میں حفظِ قرآن کی تکمیل کی 

share with us

بھٹکل 18؍ اپریل 2021(فکروخبرنیوز) شہر میں حفظِ قرآن کے معجزات کا وقتاً فوقتاً ظہور ہوتا رہتا ہے۔ ادھر چند سالوں سے ظہور میں آنے والے معجزات سے ایسے محسوس ہورہا ہے کہ بھٹکل پر اللہ تعالیٰ کی خاص عنایتیں ہیں، خصوصی طورپر حفظِ قرآن کی تکمیل کے واقعات کے ظہور میں یہ دیگر شہروں سے ممتاز بنتا جارہا ہے اور ماضی قریب میں حفظ کی تکمیل کے پروگرامات اس کی گواہی دے رہے ہیں۔ 
کبھی پیسٹھ سالہ خاتون کے حفظِ قرآن کی تکمیل کی خبر، کبھی شہر کے مصروف ترین علماء کرام اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود حفظ کی تکمیل کررہے ہیں تو کبھی نو عمر اور ادھیڑ عمر کے افراد اس نعمت ِ عظمیٰ سے مالا مال ہوکر اپنے اور اپنے گھر والوں کے لیے  ذخیرۂ آخرت بن رہے ہیں۔  کبھی ایک مہینہ میں حفظِ قرآن کی تکمیل کے معجزہ کا ظہور ہوتا ہے تو کبھی دو  اور ڈھائی مہینے میں۔
فکروخبر کو ملی اطلاعات کے مطابق نافلہ بنت فاروق ایئکری نے صرف ڈھائی مہینے میں حفظِ قرآن کی تکمیل کرکے سبھوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ بیالیس سالہ یہ خاتون تین بچوں کی ماں ہے اور گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ اتنی قلیل مدت میں حفظ تکمیل کرنا کوئی آسان نہیں ہے۔ 
ان کے بھائی جناب نوشاد ائیکری نے فکروخبر کو بتایا کہ ان کا قرآن پاک کی کثرت سے تلاوت کا معمول ہے۔ جب بھی ان کے یہاں جانا ہوتا ہے تو ہمیشہ ان کے ہاتھوں میں قرآن ہوتا ہے، ہمیشہ تلاوت کرتے دیکھ کر میں نے بھی ان سے درخواست کی تھی کہ ماشاء اللہ آپ اب بڑی روانی کے ساتھ قرآن  پاک کی تلاوت کرلیتی ہیں۔ کیا اچھی ہوتا کہ آپ حافظہ قرآن بن جائیں جس پر وہ ان شاء اللہ کہتی۔ ان کے ایک فرزند حافظِ قرآن ہے اور دوسرا درجہ حفظ میں زیر تعلیم ہے  جس سے انہیں بھی حافظہ بننے کا شوق پیدا ہوا لیکن اس ارادہ کی تکمیل نہیں کرسکی۔ 
ان کے شوہر جناب عبدالواسع قاضی نے ہمیں بتایا کہ جب مشہور عالمِ دین اور مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس صاحب ندوی کے اعزاز میں قرآن مجید کی تکمیل پر جلسہ منعقد ہوا تو اس خاتون نے بھی حافظہ بننے کا پختہ ارادہ کرلیا اوراس کے دوسرے ہی دن شروع کردیا اور صرف ڈھائی مہینے میں تکمیل بھی کرلی۔ 
حفظ کی تکمیل پر مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی، بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی  اور ادارہ فکروخبرکے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے خصوصی مبارکبادی پیش کی۔ 
یہ قابلِ رشک اور خوش قسمت خاتون اپنے حفظِ قرآن سے دوسری خواتین اور اہلِ ایمان کو یہ پیغام دے رہی ہیں کہ اللہ کی اس عظیم نعمت سے سرفراز ہونے کے لیے بہانوں کے دروازے بند ہوگئے۔ اور آخری درجہ کی مصروفیات اور گھریلو اور خانگی مشغولیات کے باوجود اگر کوئی اللہ کے بھروسے پر عزمِ مصمم کرلے تو بارش سے زیادہ تیز اس پر اللہ کی نعمتیں برستی ہیں اور قرآن کریم کا حفظ اس کے لیے آسان ہوجاتا ہے۔ 
اس ماہِ مبارک میں ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مشعغول ہوں یا غیر مشغول، بڑے ہوں یا چھوٹے ہوں، مرد ہو یا خواتین اللہ کے بھروسہ پر وہ اس ماہِ مبارک میں حفظِ قرآن کا آغاز کریں تو ان کی صورت میں بھی  قرآن کریم کے معجزات کا ظہور ہوگا اور وہ دوسروں کے  لیے بھی  نمونہ بن سکتے ہیں۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا