English   /   Kannada   /   Nawayathi

کار پر تنہا سفر کرنے والے شخص کے لئے ماسک لازمی ، ہائی کورٹ نے کار کو عوامی مقام قراردیا !

share with us

نئی دہلی:07اپریل(فکروخبرنیوز/ذرائع) دہلی ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ تنہا کار ڈرائیو کر رہے شخص کا بھی ماسک لگانا لازمی ہے۔ تنہا کار ڈرائیو کر رہے شخص کے ماسک نہ لگانے پر چلان کرنے کے معاملہ میں ہائی کورٹ نے کار کو بھی عوامی مقام قرار دیا۔ اس سے قبل بغیر ماسک لگائے تنہا ڈرائیو کر رہے شخص کا چلان کاٹے جانے کے معاملہ میں دہلی ہائی کورٹ میں پیر کے روز سماعت ہوئی۔

جسٹس پرتبھا ایم سنگھ کی بنچ نے زبانی طور پر کہا کہ اگر آپ تنہا کار ڈرائیو کر رہے ہیں تو آپ کو ماسک پہننے پر اعتراض کیوں ہے؟ عدالت عالیہ نے کہا کہ یہ تو خود آپ کی حفاظت کے لئے ہے۔ اتنا محتاط تو ہر شخص رہ ہی سکتا ہے۔ بنچ نے کہا کہ جب ٹریفک سگنل پر گاڑی ٹھہرتی ہے تو بعض اوقات ڈرائیور کو اپنی جانب والی کھڑکی کھولنی پڑتی ہے۔ کورونا کا یہ وائرس اتنا خطرناک ہے کہ اس دوران کسی شخص کو اپنا شکار بنا سکتا ہے۔ بنچ نے کہا کہ حکومت جو بھی اصول نافذ کر رہی ہے، وہ آپ کو محفوظ رکھنے کے لئے کر رہی ہے، لہذا اسے انا کا معاملہ بنانے سے اجتناب کریں۔

دراصل، ہائی کورٹ کی بنچ عرضی گزار وکیل سوربھ شرما کی اس دلیل پر سماعت کر رہی ہے، جس میں وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 9 ستمبر 2020 کو تنہا نجی کار چلا کر جا رہے تھے، اس دوران دہلی پولیس نے انہیں روکا اور ماسک نہ پہننے پر 500 روپے کا جرمانہ کیا۔ وہیں، وزارت صحت کی طرف سے ہائی کورٹ میں پیش ہوئے وکیل فرمان علی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے کہ نجی گاڑی کو تنہا ڈرائیو کر رہے شخص کو بھی ماسک لگانا ہوگا۔ علی نے مزید کہا صحت ریاست کا مسئلہ ہے، اس پر اصول بنانے اور نافذ کرنے کا اختیار بھی ریاست کو ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا