English   /   Kannada   /   Nawayathi

اسٹور کے باہر رکھی پانی کی بوتلیں غائب، اسٹور کا دروازہ کھلا تو مالک کو خوش گوار حیرت !

share with us

22 فروری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر سان انٹونیو میں ایک اسٹور کی مالک مشکل وقت میں بھی لوگوں کی ہمدردی دیکھ خوش ہوگئیں۔

سان انٹونیو میں ایک اسٹور کی مالک بونی ولادیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں کافی سارے نوٹ بکھرے نظر آرہے ہیں۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے اسٹور کے باہر پانی کی بوتلیں رکھتی تھیں تاہم آج جب وہ اسٹور پر آئیں تو تمام بوتلیں غائب تھیں۔

یاد رہے کہ ریاست ٹیکسس اس وقت تاریخ کے بدترین برفانی طوفان کی زد میں ہے، ریاست میں حالات دگرگوں ہیں اور کھانے کی اشیا اور پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

اسٹور مالک نے لکھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ لوگ اس وقت مصیبت میں ہیں تاہم وہ اس طرح پانی کی بوتلیں غائب ہونے سے نہایت دلگرفتہ ہوئیں، لیکن جیسے ہی انہوں نے اسٹور کا دروازہ کھولا انہیں بے شمار نوٹ بکھرے نظر آئے۔

 

دراصل لوگوں نے پانی کی بوتلیں اٹھا کر اس کی قیمت بند اسٹور کے دروازے کے نیچے سے اندر کھسکا دی تھی جنہیں دیکھ کر اسٹور مالک نہایت خوش ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ 620 ڈالرز ہیں، وہ بہت خوش ہیں کہ ان کے اسٹور نے اس وقت کئی ڈالرز کما لیے جب وہ بند تھا۔

مذکورہ پوسٹ پر لوگوں نے بے شمار تعریفی کمنٹس کیے اور کہا کہ ایسے مشکل وقت میں بھی لوگوں کی ایمانداری قابل ستائش ہے۔

یاد رہے کہ 30 سالہ تاریخ کے بدترین برفانی طوفان سے ریاست ٹیکسس میں نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے، ریاست میں کئی روز سے بجلی اور پانی کی فراہم منقطع ہے۔

لوگ اپنے گھروں میں ہیٹنگ سسٹم سے محروم ہیں اور شدید سردی سے اب تک متعدد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مزید برفانی طوفانوں کا امکان ہے جس سے لگ بھگ 15 کروڑ شہری متاثر ہوں گے، اس وقت ملک کا 73 فیصد سے زائد حصہ مکمل طور پر برف سے ڈھکا ہوا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا