English   /   Kannada   /   Nawayathi

سڑک حادثہ میں انتقال پانے والے مولانا عدنان ندوی کی رات دیر گئے عمل میں آئی تدفین ، جم غفیر نے کی شرکت

share with us

بھٹکل 28؍ جنوری 2021(فکروخبر نیوز) مرڈیشور کے جواں سال عالمِ دین اور مدرسہ تنویر الاسلام کے استاد مولانا مفتی عدنان ندوی کی رات دیر گئے تدفین عمل میں آئی جس میں مرڈیشور ، بھٹکل ، منکی ، ہوناور ، شیرور اور دیگر علاقوں سے پہنچنے والے ایک جمِ غفیر نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ مولانا عدنان ندوی منگل کے روز بذریعہ بائک میسورو کے لیے روانہ ہوگئے تھے  اور میسور سے ساٹھ کلومیٹر دور ناگ منڈل علاقہ میں وہ ایک سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ کی تفصیلات کا علم نہیں ہوسکا لیکن مانا جارہا ہے کہ کسی سواری کے ٹکرانے کی وجہ سے سڑک حادثہ پیش آیا جس میں انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی میسورو میں مقیم مرڈیشور کے احباب جائے حادثہ پر پہنچے اور ضروری کارروائی انجام دینے کے بعد میت لے کر مرڈیشور کے لیے نکل پڑے اور رات قریب دس بجے میت مدرسہ تنویر الاسلام لائی گئی جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے مرحوم کا آخری دیدار کیا۔

اس موقع پر مرحوم کے اساتذہ اور دیگر نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران مرحوم کے اوصاف پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے جس کا کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا ہے۔  موت اپنے طئے شدہ وقت پر آجاتی ہے اور اس سے ایک لمحہ بھی ادھر اُدھر نہیں ہوتا۔ علماء نے کہا کہ موت کے اسباب اس کے لیے بہانے ہیں۔ دراصل یہ چیز اللہ تعالیٰ نے پہلے ہی طئے کردی ہے اور کوئی طاقت اس میں ردو بدل نہیں کرسکتی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسان کو ہمیشہ موت کے لیے تیار رہنا چاہیے کہ نہ معلوم کس کی موت کب اور کس وقت آجائے ۔ مرحوم کے اساتذہ نے انہیں ایک بہترین طالبِ علم قرار دیتے ہوئے ان کے اوصافِ حمیدہ پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ زمانۂ طالب علمی ہی سے یہ تہجد کے پابند تھے اور صفِ اول میں نماز کا اہتمام کیا کرتے تھے۔ پڑھائی کے تعلق سے اپنے ساتھیوں کی حد درجہ فکر رکھتے تھے۔ اساتذہ نے آخرت کے مراحل کی آسانی کے لیے دعائیں بھی فرمائیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کی وہ  بال بال مغفرت فرمائے۔ ان کے متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین

نوٹ  : ان شاء اللہ تعزیتی جلسہ کل بروز جمعہ بعد نمازِ عشاء مسجد نورمرڈیشور میں منعقد ہوگا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا