English   /   Kannada   /   Nawayathi

بہانوں کا دروازہ بند! مشہور شخصیت مولانا محمد الیاس ندوی بنے حافظِ قرآن  

share with us

ناظم ندوۃ العلماء حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کرائی حفظ کی تکمیل

بھٹکل 23؍جنوری2021(فکروخبرنیوز) شہر کی مشہور ترین شخصیت، کئی اداروں کے ذمہ دار، صدر فکروخبربھٹکل مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل وعلی پبلک اسکول بھٹکل کے بانی وجنرل سکریٹری و استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد الیاس صاحب جاکٹی ندوی نے باون سال کی عمر میں آج حفظِ قرآن کی تکمیل کی۔ آج بعد عشاء مولانا ہی کی رہائش گاہ‘‘ باب علی’’میں ختمِ قرآن کی مجلس منعقد ہوئی اور آن لائن اس نشست میں ناظم ندوۃ العلماء لکھنو وصدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی مدظلہ العالی نے قرآنی آیات پڑھ کر اختتام فرمایا۔ مولانا نے اس موقع پر اپنی دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مولانا محمد الیاس صاحب ندوی کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ڈھیر ساری دعاؤوں سے نوازا۔ 
مولانا محمد الیاس ندوی کا شمار نہ صرف بھٹکل بلکہ ملک کی اہم شخصیات میں ہوتا ہے۔ حضرت مولانا علی میاں رحمۃ اللہ علیہ کے نام موسوم مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے پلیٹ فارم سے مولانا کی خدمات اظہر من الشمس ہیں۔ مولانا موصوف اپنی فراغت کے بعد سے جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود حفظِ قرآن کی تکمیل مولانا کے لیے آسان نہیں تھا لیکن جب انسان کسی کام کے کرنے کا عزمِ مصمم کرلے تو پھر اس کے لیے کوئی مشکل کام نہیں۔ خود شہر کی کئی اہم شخصیات اپنی اس دلی خواہش کا اظہار کرچکی ہیں کہ مولانا محمد الیاس صاحب ندوی حافظِ قرآن ہوتے تو انہیں دعوتی کاموں میں اس سے تعاون اور تقویت ملتی۔ قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی کے تکمیلِ حفظِ قرآن کے موقع پر منعقدہ مجلس میں مولانا موصوف ہی نے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ مولانا خواجہ صاحب ندوی نے مصروفیت کے باوجود حفظِ قرآن کی تکمیل کی اب اس کے بعد کسی کو بہانوں کا موقع نہیں رہا۔ اور مولانا محترم نے اپنی تمام تر علمی، دعوتی، اسی طرح اپنی دعوتی اسفار کے باوجود حفظِ قرآن کی تکمیل کی ہے جس پر انہیں ملک کی چنیدہ اور مشہور شخصیات کی جانب سے مسلسل مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ 
اس موقع پر مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود مولانا کا حافظِ قرآن بننا مولانا کی قرآن کریم سے وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا خاص موضوع تفسیر ہے اور اس مناسبت سے اور مولانا کی دعوتی ذمہ داریوں کے پیشِ نظر بھی مولانا کا حافظِ قرآن بننا بہت ضروری تھا اور آج الحمدللہ مولانا حفاظ کی فہرست میں شامل ہوگئے۔ 
اس موقع پر مولانا محمد انصار ندوی مدنی، مولانا نعمت اللہ ندوی، مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی ، مولانا افضل شاہ بندری ندوی، مولانا اسامہ صدیقی ندوی، مولانا ابرار با فقیہ ندوی اور دیگر موجود تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا