English   /   Kannada   /   Nawayathi

خطبۂ جمعہ ملت کی معاشرتی اصلاح کا بہترین ذریعہ ہے: مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی

share with us

  تحفظ شریعت اور اصلاح معاشرہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اہم مقاصد ہیں!




نئی دہلی، 17/ جنوری (پریس ریلیز): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ جہاں مسلمانانِ ہند کے عائلی قوانین میں حکومت اور اکثریت کی مداخلت کا دفاع کرتا رہا ہے وہاں مسلمانوں سے شرعی قوانین کی پابندی کا بھی مطالبہ کرتا رہا ہے اور مسلمانوں کو اپنی اصلاح آپ کرنے کی دعوت دیتا رہا ہے۔ تحفظ شریعت اور اصلاح معاشرہ دونوں بورڈ کے مقاصد میں شامل ہیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینر اور بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مدظلہ نے کیا۔
مولانا نے فرمایا کہ اسلامی تعلیمات کی نشر و اشاعت اور تبلیغ و تفہیم دین کے لئے  خطبۂ جمعہ کو ہمیشہ سے ایک مرکزی مقام حاصل رہا ہے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ خطاب جمعہ ملت کی معاشرتی اصلاح کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ دین اور احکام دین سے غفلت و بے اعتنائی کے اس دور میں بھی نماز جمعہ کیلئے مسلمان بڑی تعداد میں حاضر ہوتے ہیں اور انکا بڑا حصہ نماز سے پہلے مسجد میں حاضر ہونے کی کوشش کرتا ہے۔اور اس موقع کو غنیمت جانکر عبرت و نصیحت اور موعظت کی باتیں نماز جمعہ سے قبل بیان کی جاتی ہیں، جس سے امت کو بڑا فائدہ ہوتا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ اسلام نے یہ کیسا خوبصورت نظام دیا ہیکہ بغیر کسی اعلان کے مسلمان غسل کرکے، صاف ستھرے ہوکر، اچھا لباس پہن کر، خوشبو لگا کر نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد میں اکھٹا ہوتے ہیں، اور نہ صرف یہ کہ وہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں بلکہ وہاں سے دین و ایمان اور اخلاق و معاشرت کا اہم پیغام لیکر واپس ہوتے ہیں۔غور کیا جائے تو جمعہ کا یہ اجتماع سب سے بڑا میڈیا ہے، جس کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے۔اگر اسکو ایک منصوبہ بند طریقے پر استعمال کیا جائے تو اسکے غیر معمولی نتائج نکل سکتے ہیں۔ اسی لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی کوشش ہیکہ خطبات جمعہ کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنایا جائے اور اہم موضوعات پر آیات و روایات اور آثارِ واقعات کی روشنی میں عمدہ خطاب جمعہ تیار کرکے حضرات علماء و خطباء کرام کو فراہم کیا جائے۔اسی ضرورت کے پیش نظر خطابات جمعہ کو منظم کرنے اور خطباء کرام اور ائمہ مساجد کی رہنمائی کے لیے سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے ہر ہفتہ ”خطبۂ جمعہ“ کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے۔ الحمدللہ اب تک پچپن (55) خطبات جاری ہوچکے ہیں، جس سے لوگ استفادہ کررہے ہیں اور مختلف جگہوں پر ائمہ مساجد اسے نماز جمعہ سے قبل پڑھ کر سنا رہے ہیں، بحمدللہ اسکے اچھا نتیجہ ظاہر ہورہے ہیں۔ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے ائمہ کرام سے گزارش کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ براہ راست واٹس ایپ یا ٹیلی گرام کے ذریعے بورڈ کا  خطبۂ جمعہ حاصل کرنے کے لیے 7030320073 یا 8788657771 پر اپنا نام، پتہ اور نمبر ارسال کریں۔ انہوں نے برادران اسلام سے بھی گزارش کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ اپنی قریبی مسجد کا نام، امام صاحب کا نام اور انکا واٹس ایپ نمبر مذکورہ نمبر پر ارسال فرمادیں، تاکہ انہیں  خطبۂ جمعہ ارسال کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں بورڈ کے آفیشیل ٹیلی گرام چینل اور فیس بک پیج سے بھی  خطبۂ جمعہ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔  

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا