English   /   Kannada   /   Nawayathi

اپنے تکبر اور گھمنڈ سے جمہوریت کو تباہ کر رہی ہےمودی سرکار :بی بی جاگیر کور

share with us

امرتسر:17 جنوری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)شرومنی گرودوارہ انتظامی کمیٹی (ایس جی پی سی) کی چیئرپرسن بی بی جاگیر کور نے کسانوں کی آواز دبانے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے ذریعہ اختیار کی جانے والی حکمت عملی کی شدید مذمت کی۔ بی بی جاگیر کور نے کہا کہ کسان تحریک میں شامل کسانوں اور لوگوں کو نوٹس جاری کرنا حکومت کی تاناشاہی پالیسی کا ثبوت ہے۔ حکومت یو اے پی اے (انسداد غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ) کا استعمال تحریک سے وابستہ لوگوں کو دبانے کے لئے کر رہی ہے۔ ملک کے کسان اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن ملک کی حکومت سچائی اور انصاف کی آواز دبانے کے لئے سرکاری مشینری کا استعمال کر رہی ہے، جو قابل برداشت نہیں ہے۔

بی بی جاگیر کور نے وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا کہ اگر کوئی اپنے ساتھ ہونے والے مظالم اور ناانصافی کی مخالفت کرتا ہے تو کیا وہ ملک مخالف ہے؟ آئندہ نسلوں کی فکر کرنا اور اپنے حقوق کے لئے لڑنا کیا فرقہ واریت ہے؟ ایس جی پی سی چیئرمین نے کہا کہ مودی سرکار کسانوں کے جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بجائے اپنے تکبر اور گھمنڈ سے جمہوریت کو تباہ کر رہی ہے۔

بی بی جاگیر کور نے کہا کہ خاص طور پر اقلیتوں کے تئیں حکومت کا سلوک جابرانہ ہے۔ حکومت کا مقصد عوام کے مفادات کا تحفظ کرنا ہونا چاہیے، اور اپنی ضد پر اڑنا نہيں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسان جدوجہد پرامن طریقے سے جاری ہے لیکن بی جے پی حکومت جان بوجھ کر اسے اپنے اثر و رسوخ سے داغدار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت لوگوں کو اکسانے کے لئے ہر ہتھکنڈہ کا استعمال کر رہی ہے۔ اسی کا ایک حصہ این آئی اے کا کسانوں کی تحریک پر حملہ کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ایک تانا شاہ بن چکی ہے جو ملک کے آئین کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔

بی بی جاگیر کور نے کہا کہ بی جے پی حکومت آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری ایجنسیوں کا استحصال کر رہی ہے۔ ملک کے وزیر اعظم کو اپنی ایجنسیوں کے ذریعے کسانوں کے مطالبات کو سننے اور ان پر عمل درآمد کرکے مسئلہ حل کرنا چاہیے لیکن حکومت عوام کی آواز دبانے کے لئے ایک سوچی سمجھی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے پی اے کے غلط استعمال کو فوری طور پر بند کیا جائے اور این آئی اے کی طرف سے جاری کردہ نوٹسوں کو واپس لیا جائے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا