English   /   Kannada   /   Nawayathi

حالات کی نزاکت سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کے تعلق سے علماء فکر مند ہوں  : مولانا سید بلال عبدالحئی حسنی ندوی کا علماء سے خطاب

share with us

بھٹکل : یکم دسمبر2020 (فکروخبر نیوز)  فارغین جامعہ کی تنظیم ابناء جامعہ ، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی جانب سے آل انڈیا پیامِ انسانیت کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا عبدالحئی حسنی ندوی مدظلہ العالی کی تشریف آوری کی مناسبت سے موجودہ حالات میں علماء کی ذمہ داریوں کے عنوان پر مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل میں آج بعد عشاء علماء کرام کی ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا  جس میں شہر اور آس پاس کے علماء نے شرکت کرتےہوئے مولانا کے بیان سے مستفید ہوئے۔

مولانا نے اپنے خطاب میں  ملک کے موجودہ حالات میں ارتداد کے پیش آرہے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علماء کو اپنی دعوتی ذمہ داریوں کو انجام دینے پر زور دیا۔ اور دعوتی سلسلہ کی کوششوں پر استحکام کے ساتھ کام کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے دعوتی سلسلہ کو جاری رکھنا چاہیے۔  جس طرح ایک چراغ جلانے سے گھر روشن نہیں ہوسکتا بلکہ اس گھر میں کئی چراغ جلانے کی ضرورت ہوتی ہے ، بالکل اسی طرح ہمیں بھی اپنے دعوتی چراغوں کو اس طرح روشن کرنے کی ضرورت ہے جس سے وہاں ایمان کی روشنی پھیل جائے اور اس کے اثرات واضح طور پر ہمیں نظر آنے لگے۔

ارتداد کے واقعات پر حضرت مولانا علی میاں ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے حوالہ سے کہا کہ ارتداد کے ایک واقعہ پر ہمارے رونگٹے کھڑے ہونے چاہیے اور ہمیں اس سلسلہ میں کس طرح کی کوششیں کرنی چاہیے وہ حالات سے ظاہر ہورہا ہے۔ حضرت مولانا علی میاں ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے اس مسئلہ پر کئی سالوں پہلے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا آج وہ باتیں ہمارے سامنے نظر آرہی ہیں ۔  مولانا نے مزید کہا کہ جب بھی دعوت کا موقع ملتا ہے اسے ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے اور اس کے جتنے اثرات مرتب ہوتے ہیں اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔  مولانا نے اپنے اعلیٰ اخلاق کی مثالیں پیش کرنے اوراس کے ذریعہ غیر مسلموں کا دل جیتنے کی بھی بات کہی۔

بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے اتداد  کے واقعات پر حضرت مولانا علی میاں ندوی  رحمۃ اللہ علیہ کے حوالہ سے کہا کہ اس کا اظہار سالوں پہلے کیا جاچکا تھا اور آج اس طرح کے واقعات ہمارے سامنے پیش آرہے ہیں اور نئی نسل جس طرح سے ارتداد کا شکار ہورہی ہے اس سے ہمیں خون کے آنسو رونا چاہیے۔

ابناء جامعہ کے صدر مولانا انصار خطیب ندوی نے مولانا کے ذریعہ پیش کی گئی باتوں پر توجہ دینے اور حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دیا۔

نظامت کے فرائض سکریٹری ابناء جامعہ مولانا عرفان ایس ایم ندوی نے انجام دئیے۔

اسٹیج پر مولانا محمد ایوب صاحب  ندوی ،مولانا فاروق صاحب ندوی ،  مولانا عبدالعظیم صاحب ندوی ، مولانا عبدالسبحان صاحب ندوی موجودتھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا